آصف علی زرداری کا سیاسی جماعتوں کے اعزازمیں عشائیہ، وزیراعظم نوازشریف سمیت سیاسی جماعتوں کے سربراہان اوررہنماوٴں کی شرکت، زرداری اور نوازشریف کے درمیان ون آن ملاقات بھی ہوئی ، ملک کی سیاسی صورتحال پربات چیت کی گئی،سابق صدرنے مہمانوں کی 15مختلف کھانوں سے تواضع کی

بدھ 11 مارچ 2015 09:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مارچ۔2015ء)سابق صدرآصف علی زرداری نے سیاسی جماعتوں کے اعزازمیں عشائیہ دیا،جس میں وزیراعظم نوازشریف سمیت سیاسی جماعتوں کے سربراہان اوررہنماوٴں نے شرکت کی ۔سابق صدرنے مہمانوں کی 15مختلف کھانوں سے تواضع کی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق چیئرمین سینٹ کیلئے رضاربانی کی اپوزیشن کی طرف سے نامزدگی اورحکومت کی طرف سے حمایت کے بعدآصف علی زرداری نے عشائیے کااہتمام کیاجس میں وزیراعظم نوازشریف ،جے یوآئی ف کے سربراہ مولانافضل الرحمن ،اے این پی کے سربراہ اسفندیارولی ،چوہدری شجاعت حسین ،محمودخان اچکزئی ،فاروق ستارسمیت سیاسی رہنماوٴں اوروفاقی وزراء نے شرکت کی ۔

زرداری ہاوٴس پہنچنے پروزیراعظم کاآصف علی زرداری نے استقبال کیا،وزیراعظم نے تمام سیاسی قائدین سے مصافحہ کیا۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری اور نوازشریف کے درمیان ون آن ملاقات بھی ہوئی جس میں ملک کی سیاسی صورتحال پربات چیت کی گئی ،ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے حوالے سے بھی وزیراعظم نے کہاکہ اپوزیشن جماعت جوامیدوارلائیں گے حکومت اس کی حمایت کریگی ۔اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے آصف علی زرداری نے رضاربانی کی حمایت کرنے پروزیراعظم کاشکریہ اداکیااورکہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرے ،جب حکومت مدت پوری کریگی ہم سیاست کاآغازکریں گے ۔

اجلاس کے دوران اسفندیارولی نے فاٹامیں سینٹ الیکشن کامعاملہ اٹھایاجبکہ مولانافضل الرحمن نے 21ویں ترمیم پرتحفظات کااظہارکیا۔اجلا س کے دوران زرداری ہاوٴس میں بھی بجلی چلی گئی ۔بعدازاں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنمافرحت اللہ بابرنے کہاکہ تمام جماعتیں اکٹھی ہوگئی چیئرمین سینٹ کومبارکباددی گئی ۔میثاق جمہوریت پرصحیح معنوں میں عمل ہواہے ،سینٹ میں بڑی پارٹی کاحق تسلیم کیاگیاہے ،وزیراعظم نے پہلے کہہ دیاتھاوہ کھانانہیں کھائیں گے انہیں دوسری جگہ بھی ملاقاتیں کرنی تھیں ،نویدقمرنے کہاکہ ڈپٹی چیئرمین کافیصلہ بدھ کوہوجائیگا۔یہ فیصلہ بھی مشاورت سے ہوگا