پاکستانی معیشت کی بہتری پر خوشی ہے ، آئی ایم ایف ،گزشتہ چند ماہ کے دوران پاکستانی معیشت نے اہم اہداف حاصل کئے ہیں،آئندہ تین سالوں میں پاکستانی معیشت مزید بہتر ہوجائے گی،مشن چیف برائے پاکستان ہیرالڈفنگر کی وزیر خزانہ سے ملاقات

منگل 10 مارچ 2015 10:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 مارچ۔2015ء)عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے مشن چیف برائے پاکستان ہیرالڈفنگر نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت کی بہتری پر خوش ہوئے ہیں،گزشتہ چند ماہ کے دوران پاکستانی معیشت نے اہم اہداف حاصل کئے ہیں،آئندہ تین سالوں میں پاکستانی معیشت مزید بہتر ہوجائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران کیا،اس موقع پر آئی ایم کے ڈائریکٹر مسعود احمد اور نمائندہ برائے پاکستان توقیر مرزا بھی موجود تھے۔

ہیرالڈ فنگر نے کہا کہ پاکستانی معیشت کی بہتری موجودہ حکومت کی فنانس ٹیم کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے جو مستقبل میں مزید بہتر ہوگی۔آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر مسعود احمد نے کہا کہ گزشتہ 18ماہ کے دوران پاکستانی معیشت نے جو بہترین رخ اختیار کیا ہے وہ قابل تحسین ہے اور موجودہ حالات سے پاکستانی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام میں مزید بہتری سے معیشت مزید مضبوط ہوگی۔

وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستاان آئی ایم ایف کے تعاون سے 6.64بلین ڈالر کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہا ہے اور یہ منصوبے پاکستان کو مزید مضبوط بنائیں گے۔انہوں نے موجودہ حکومت توانائی اور دیگر شعبوں میں پیش آنے والی مشکلات سے بھی وفد کو آگاہ کیا اور بتایا کہ موجودہ حکومت 10ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے چین سمیت مختلف ممالک کے تعاون سے شروع کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دہشتگردی نے پاکستانی معیشت کو100بلین ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے،دہشتگردی کے خلاف جنگ کے دوران 50,000پاکستانی شہری شہید ہوئے جن میں5000آرمی کے جوان شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کے سلسلے میں بھرپور اقدامات کر رہا ہے،آپریشن ضرب عضب اس کی مثال ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو قبائلی علاقوں کے متاثرین کی بحالی کا مسئلہ بھی درپیش ہے ،کیونکہ قبائلی علاقوں میں دہشتگردی کیخلاف آپریشن کے باعث لاکھوں قبائلی اپنے گھربار چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت کے خاتمے کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام 50لاکھ غریب افراد کو 4.8ملین خرچ کر رہی ہے،حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کیا ہے اور پٹرولیم مصنوعات پر عائد جی ایس ٹی کو بھی کم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ اثاثے 16بلین ڈالر تک پہنچ چکے ہیں اور اس کو 17ملین ڈالر تک پہنچانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے تاکہ آنے والے سالوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے بہترین فضا ہموار کی جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :