سندھ اور پنجاب حکومت میں گرما گرمی، صوبائی ترجمان بیانات داغنے لگے، پنجاب حکومت کارروائی کرتی تو کالعدم تنظیمیں کبھی پروان نہ چڑھتیں، شرجیل انعام میمن ،پیپلزپارٹی نے متحدہ قومی موومنٹ کو سندھ حکومت میں شامل کرنے پر رضامند کرنے کی ذمہ داری رحمان ملک کو سونپی ہے،پنجاب حکومت نے ہمیشہ دہشت گردوں پر زمین تنگ رکھی ، قومی ایکشن پلان پر سب سے زیادہ عمل درآمد پنجاب حکومت ہی کررہی ہے، ترجمان پنجاب حکومت

پیر 9 مارچ 2015 10:09

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 مارچ۔2015ء) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کارروائی کرتی تو کالعدم تنظیمیں کبھی پروان نہ چڑھتیں۔ حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے متحدہ قومی موومنٹ کو سندھ حکومت میں شامل کرنے پر رضامند کرنے کی ذمہ داری رحمان ملک کو سونپی ہے، اس سلسلے میں مذاکرات جاری ہیں تاہم اس بارے میں یہ بات ابھی نہیں کہی جاسکتی کہ ایم کیو ایم سندھ حکومت کا حصہ بن جائے گی جب کہ اس حوالے سے صوبے کے عوام بہت جلد خوشخبری سنیں گے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے کو کوئی خصوصی پیکج نہیں دیا گیا، اگر ماضی میں پنجاب میں جرائم کے خاتمے کے لئے کام ہوتا تو کالعدم تنظیموں کی افزائش نہ ہوتی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم قادری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے ہمیشہ دہشت گردوں پر زمین تنگ رکھی ہے، شرجیل میمن الزام تراشی کے بجائے سندھ حکومت کی کارکردگی پرتوجہ دیں۔

لاہور سے جاری بیان میں پنجاب حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے ہمیشہ دہشت گردوں پر زمین تنگ رکھی ہے، اس وقت بھی دہشت گردوں کے خلاف قومی ایکشن پلان پر سب سے زیادہ عمل درآمد پنجاب حکومت ہی کررہی ہے، جسے وزیر اعظم اور آرمی چیف نے بھی سراہا ہے۔ زعیم قادری نے مزیدکہا کہ جنوبی پنجاب میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی باتیں بیبنیاد ہیں، بیجاالزام تراشی نیسندھ حکومت کی کارکردگی کی قلعی کھول دی۔ حقیقت یہ ہے کہ سندھ حکومت کراچی اوراندرون سندھ کے معاملات سیلاتعلق ہے۔ شرجیل میمن سندھ حکومت کی کارکردگی پرتوجہ دیں۔