جمہوریت کو بے وقعت سیاستدانوں نے کیا ہے،جاوید ہاشمی ، بلدیاتی الیکشن کے بغیر جمہوریت نامکمل لیکن نئے صوبے بنانا اس سے بھی زیادہ ضروری ہے ،سینیٹ انتخابات نے تما م پارٹیوں کو متحد کر دیا ہے،تحریک انصاف کو اسمبلیوں میں واپس آنا چاہیے یہی جمہوریت کا حسن ہے،عمران خان کا جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ وقت کی ضرورت ہے وسیع اختیارات پر مبنی جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے، جمہوریت تمام طاقت ور قوتوں کو ایک پرچم کے نیچے جمع کرتی ہے جمہوریت میں ایک دوسرے سے نفرت کرنے والے سیاستدان بھی محبت کرنے لگتے ہیں ، صحافیوں سے گفتگو

اتوار 8 مارچ 2015 10:06

جہانیاں (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 مارچ۔2015ء) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ جمہوریت کو بے وقعت سیاستدانوں نے کیا ہے، بلدیاتی الیکشن کے بغیر جمہوریت نامکمل لیکن نئے صوبے بنانا اس سے بھی زیادہ ضروری ہے ،سینیٹ انتخابات نے تما م پارٹیوں کو متحد کر دیا ہے،تحریک انصاف کو اسمبلیوں میں واپس آنا چاہیے یہی جمہوریت کا حسن ہے،عمران خان کا جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ وقت کی ضرورت ہے وسیع اختیارات پر مبنی جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے، جمہوریت تمام طاقت ور قوتوں کو ایک پرچم کے نیچے جمع کرتی ہے جمہوریت میں ایک دوسرے سے نفرت کرنے والے سیاستدان بھی محبت کرنے لگتے ہیں ،وفاق کا نظام ملک کو اکٹھا کرنے کا نظام ہے ،مسلم لیگ نے قربانیاں دینے والوں کو ٹکٹ دیے جو کہ قابل تحسین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کاظہار جہانیاں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاانہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے الیکشن ہونا چاہیے لیکن اس سے بھی زیادہ ضروری ہے کہ ملک میں نئے صوبے بنائے جائیں نئے صوبوں کا قیام ملک میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال اور گورننس کو بہتر بنانے میں مدگار ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ غداری سمجھا جاتا ہے جنوبی پنجاب کو نظر انداز کرنا مسلم لیگ ن کیلئے سب سے زیادہ نقصان دہ ثابت ہوگا کیونکہ مسلم لیگ ن کی سب سے زیادہ سیٹیں جنوبی پنجاب سے ہیں اور سینیٹ الیکشن کے موقع پر بھی جنوبی پنجاب کو نظر انداز کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ جتنا جلدی نئے صوبے بنیں گے ملک مستحکم ہوتا جائے گا صوبوں کے بغیر ملک کا چلنا ناممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ وقت کی ضرورت ہے جوڈیشل کمیشن قائم کرکے اسے وسیع اختیارات دیے جائیں جو تمام خامیوں کو دور کرے اور آئین کو اپ تو ڈیٹ کرے پی ٹی آئی کو بھی اسمبلیوں میں واپس آنا چاہیے یہی جمہوریت کا حسن ہے ۔

انہوں نے کہا جمہوریت نے تمام طاقتوں کو ایک پرچم تلے متحد کر دیا ہے جمہوریت کا نظام بھی ملک کو متحد کرنے کا ہے سینیٹ الیکشن نے وفاق کے نظام کو یکجا کررکھا ہے حکومت کا فاٹا کے حوالے سے رات کی تاریکی جاری کیا گیا صدارتی حکم سمجھ سے بالاتر ہے ہمیں اپنے رویوں کو تبدیل کرنا ہوگا وفاقی جمہوریت میں ایسا ممکن نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے سینیٹ الیکشن کیلئے ورکرز کو ٹکٹ نہیں دیے جس سے ورکز میں مایوسی پھیلی ہے ۔

انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کی جانب سے قربانیاں دینے والے ورکرز کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ قابل ستائش ہے نہال ہاشمی،راجہ ظفر الحق،ظفر اقبال جھگڑا،تنویر احمد اور دیگر مسلم لیگی کارکن مبارکباد کے مستحق ہیں ۔انہوں نے کہا جنوبی پناجب کو نظر انداز کرنے پر یہاں کے لوگوں اور سیاسی جماعتوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے حکومت کو اس کا دراک کرتے ہوئے فوری طور پر جنوبی پنجاب صوبہ بنانا چاہیے۔

اس موقع پر بزرگ مسلم لیگی رہنما راؤ صداقت علی خان،ضلعی چیئرمین عشر و زکواٰة کمیتی راؤ سعادت علی خان،چیئرمین فارمرزآرگنائزیشن چوہدری احمد دین ، حکیم عبدالمجید سلیمانی،سابق ممبر قومی اسمبلی ملک غلام مرتضیٰ میتلا،خالد محمود بھٹی،محمد عارف سعید ،ڈاکٹر عبدالحق،ماسٹر عبدالوہاب،قاسم علی اور دیگر بھی موجود تھے۔