الازہر کی عراق میں داعش کی کارروائیوں کی مذمت،جہادیوں کا قلع قمع کرنے کا مطالبہ

اتوار 8 مارچ 2015 10:10

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 مارچ۔2015ء)سنی مسلمانوں کی ممتاز اتھارٹی الازہر نے دولت اسلامی گروپ کی طرف سے عراق میں نمرود کے قدیم شہر کو تباہ کرنے پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ جہادیوں کا قلع قمع کیا جانا چاہیے۔الازہر نے دولت اسلامیہ کے لئے عربی اصطلاح استعمال کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد تنظیم داعش عراق ، شام اور لیبیا میں اپنے زیر کنٹرول علاقوں میں تاریخی نوادرات اور مقامات کو تباہ کرکے کیا کررہی ہے، یہ پوری دنیا کے لئے اہم جرم ہے ۔

الازہر نے کہا کہ داعش جو کچھ کررہی ہے وہ ایک ایسا جنگی جرم ہے جسے تاریخ کبھی فراموش نہیں کرے گی ۔الازہر نے مزید کہا ہے کہ نوادرات اور تاریخی مقامات کی تباہی اسلامی شریعت کے تحت ممنوع ہے۔الازہر نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ ان ممالک میں جہاں داعش اور دوسرے انتہا پسند گروپ موجود ہیں ، میں سے ہر ایک کو چاہیے کہ وہ تعاون کریں اوران کا قلع قمع کریں اور ان کی برائیوں سے عربی اور اسلامی ممالک کو بچائیں۔

(جاری ہے)

دولت اسلامیہ ، جس نے عراق اور شام میں بہت بڑے علاقے پر قبضہ کرلیا ہے ،جمعرات کو نمرود کے کھنڈرات کو مسمار کردیا جسے اقوام متحدہ نے جنگی جرم قرار دیا ہے ، گزشتہ ماہ دولت اسلامی کے جنگجوؤں نے ہتھوڑوں کی مدد سے مجسموں اور قدیم مقامات کو تباہ کردیا اور شہر کی لائبریری کو نذر آتش کردیا۔نمرود کی بنیاد 13صدی قبل از مسیح میں رکھی گئی تھی اور اسے آشوری دور کا ہیرا خیال کیا جاتا تھا۔

متعلقہ عنوان :