پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات میں مذاکرات کی راہ ہموار ہوئی ہے، ترجمان دفتر خارجہ،پاکستان اور سعودی عرب کو داعش کی کارروائیوں پر تشویش ہے ،دونوں ممالک کا دہشت گردی کے خلاف تعاون جاری رہے گا ،دہشت گردی سے جنوبی ایشیاء کے تمام ممالک متاثر ہوئے ہیں،پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں،امریکی فوج کا افغانستان سے انخلاء اور قیام کا دورانیہ افغان حکومت کا اندرونی معاملہ ہے،تسنیم اسلم کی ہفتہ وار پریس بریفنگ

جمعہ 6 مارچ 2015 09:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 مارچ۔2015ء)پاکستان نے کہا ہے کہ پاک بھارت سیکرٹری خارجہ کی ملاقات مثبت رہی ہے او ر دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار ہو گئی ہے ،پاکستان اور سعودی عرب دہشت گردی کے خلاف ہیں ان کے خاتمے کیلئے دونوں ممالک کا تعاون جاری رہے گا،پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں ،امریکی فوج کا افغانستان سے واپسی اور قیام کا دورانیہ افغان حکومت کا اندرونی معاملہ ہے ،جمعرات کے روز ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے صحافیوں کو ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی سے جنوبی ایشیاء کے تمام ممالک متاثر ہوئے ہیں، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں،انہوں نے کہا کہ بھارت کا تحقیقات کے بغیر دہشت گردی کا الزام پاکستان پر لگانا درست نہیں ہے،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کوئی ایک ملک قابو نہیں پاک سکتا،پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات مثبت رہے ہیں، توقع ہے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات پر بات چیت جلد شروع ہوگی ،دونوں ممالک کے درمیان سیکرٹری خارجہ کی ملاقات میں مذاکرات کی راہ ہموار ہوگئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت مذاکراتی عمل کی تاریخ طے نہ ہونا ناکامی نہیں ہے ، سیکرٹریز خارجہ کے درمیان ملاقات ہونے سے مذاکرات کا راستہ کھلا ہے پاکستان افغانستان مفاہمتی عمل کے معاملے کی حمایت کرتا ہے۔ دہشتگردی کے مسئلے پر کوئی ایک ملک اکیلا قابو نہیں پا سکتا، انہوں نے بتایا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت سکیورٹی ایجنسیز اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔

پشاور میں رہائشیوں کی رجسٹریشن کا عمل جاری تھا جب غلطی سے چند افغان سفارتکاروں کو روکا گیا تاہم افغان سفارتکاروں کے سٹیٹس کی تصدیق کے فوری بعد انہیں چھوڑ دیا گیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم امہ کو فرقہ وارانہ، نسلی اور لسانی تعصبات سے بالاتر ہو کر دیکھتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں ترجمان تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ بلوچستان سے جندواللہ کا اہم کمانڈرعبد الستار کی گرفتاری کی رپورٹیں آرہی ہیں اور اس حوالے سے معلومات حاصل کررہے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں ،دونوں ممالک کو کالعدم تنظیم داعش کی کارروائیوں پر سخت تشویش ہے ،پاکستان اور سعودی عرب کا دہشت گردی کے حوالے سے تعاون جاری رہے گا