وزیراعظم نوازشریف کی سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے تفصیلی ملاقات،پاکستان اور سعودی عرب کا توانائی ، سکیورٹی ، تجارت ، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ،دہشتگردی اورانتہا پسندی پاکستان اور سعودی عرب کے مشترکہ دشمن ہیں مل کر ان کا مقابلہ کرینگے، نواز شریف ،پاکستان سے مختلف شعبوں میں بھرپور تعاون جاری جاری رکھیں گے،شاہ سلمان بن عبدالعزیز

جمعرات 5 مارچ 2015 08:49

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 مارچ۔2015ء)پاکستان اور سعودی عرب نے توانائی ، سکیورٹی ، تجارت ، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے اور وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی اورانتہا پسندی پاکستان اور سعودی عرب کے مشترکہ دشمن ہیں مل کر ان کا مقابلہ کرینگے جبکہ سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ پاکستان سے مختلف شعبوں میں بھرپور تعاون جاری جاری رکھیں گے ۔

وزیراعظم نوازشریف نے بدھ کو یہاں سعودی عرب کے دورے پر پہنچنے کے فوری بعد شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے تفصیلی ملاقات کی جس میں علاقائی صورتحال اور مختلف عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات سیاسی سطح تک محدود نہیں بلکہ ان کی جڑیں دونوں ملکوں کے عوام کے دلوں میں ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ارو سعودی عرب مشترکہ مذہبی ، ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور ہر مشکل وقت میں دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اس اہم موڑ پر بھی ہم سعودی حکومت کی طرف سے پاکستان سے بھرپور تعاون پر شکر گزار ہیں ۔ وزیراعظم نے اس یقین کا اظہار کیا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے دور میں دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم ہونگے ۔

قبل ازیں اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچنے پر شاہ خالد ائرپورٹ پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود نے خود وزیراعظم کا استقبال کیا جس سے دونوں ملکوں کے درمیان انتہائی قریبی تعلقات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے وزیراعظم کو ہوائی اڈے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا وزیراعظم کے ہمراہ سعودی عرب جانے والوں میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور خصوصی معاون سید طارق فاطمی شامل ہیں ۔

وزیراعظم یہ دورہ سعودی شاہ کی خصوصی دعوت پر کررہے ہیں اطلاعات کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ لیا اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے یقین دلایا کہ ان کا ملک ہر مشکل وقت میں پاکستانی بھائیوں کے ساتھ ہے اور مختلف شعبوں میں بھرپرو تعاون جاری رہے گا۔سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز نے وزیراعظم نوازشریف کے اعزازمیں ظہرانہ بھی دیا،جس میں سعودی شاہی خاندان کے افرادکابینہ کے ارکان ،مقامی عمائدین اور وزیراعظم کے وفدکے ارکان نے شرکت کی