الیکشن کمیشن نے پارٹی فنڈ میں خرد برد کے معاملے پر تحریک انصاف سے تحریری جواب طلب کر لیا‘ مقدمہ کی سماعت 17 مارچ تک ملتوی

بدھ 4 مارچ 2015 08:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 مارچ۔2015ء) الیکشن کمیشن نے پارٹی فنڈ میں خرد برد کے معاملے پر تحریک انصاف سے تحریری جواب طلب کر لیا‘ مقدمہ کی سماعت 17 مارچ تک ملتوی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سابق نائب صدر اکبر شیر نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی کہ تحریک انصاف بیرون ملک سے فنڈ اکٹھے کر کے پاکستان لاتے ہیں اور یہاں ان فنڈز کرپشن کی جاتی ہے جس پر الیکشن کمیشن نے اکبر شیر کی درخواست پر مقدمہ کی سماعت کی اور تحریک انصاف سے تحریری طور پر جواب طلب کیا۔

(جاری ہے)

مقدمہ کی سماعت چیف الیکشن کمیشن کی سرپرستی میں 4 رکنی بنچ نے کی جس میں چاروں صوبوں کے ممبر الیکشن کمیشن نے شرکت کی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وکیل شاہین ایڈووکیٹ نے کہا کہ پارٹی فنڈ کا استعمال پی ٹی آئی کا اندرونی معاملہ ہے الیکشن کمیشن اس بارے میں حق بجانب نہیں جو پی ٹی آئی سے جواب طلب کرے۔ الیکشن کمیشن میں دائر درخواست سماعت کے قابل نہیں تحریک انصاف میں اندرونی آڈٹ کے تحت تمام معاملات کلیئر کر دیئے۔ مقدمہ کی سماعت 17 مارچ کو دوبارہ ہو گی۔