ریاض‘ تارکین وطن ہر 24 منٹ میں ایک جرم کے مرتکب ، ایک سال کے دوران غیر ملکی تارکین وطن نے 18981 جرائم کا ارتکاب کیا

بدھ 4 مارچ 2015 09:00

ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 مارچ۔2015ء )سعودی وزارت انصاف کی ایک رپورٹ کیمطابق سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی تارکین وطن ہر 24 منٹ کے بعد ایک جرم کے مرتکب ہوتے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہر روز تقریبا 54 جرائم کے پیچھے غیر ملکی تارکین وطن کا ہاتھ ہوتا ہے۔سال 2013-2014 کا احاطہ کرنے والی اس رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک سال کے دوران غیر ملکی تارکین وطن نے 18981 جرائم کا ارتکاب کیا تھا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ان جرائم میں قتل، منشیات فروشی، منی لانڈرنگ، چوری، بدفعلی، تشدد اور دیگر شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان جرائم میں سے 60 فیصد مکہ کی حدود میں وقوع پذیر ہوئے تھے۔ ان جرائم میں زیادہ تر جرم منشیات فروشی اور شراب کی تیاری کے ہیں۔سعودی قوانین کے مطابق اگر کوئی تارک وطن کسی جرم میں قید ہوتا ہے تو وہ سزا کاٹنے کے بعد ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق منشیات سے متعلق جرائم ان تمام جرائم کا 28 فیصد، شراب کی تیاری اور خرید وفروخت 12.97 فیصد، چوری 9.94 فیصد، ٹریفک حادثات 9.9 فیصد، جسمانی تشدد 7.47 فیصد اور بدفعلی کے جرائم 3.96 فیصد ہیں۔