عمران 15 کروڑ کی پیش کش کرنے والے شخص کا نام بتائیں ورنہ میں بتاؤں گا، پرویز رشید،خیبر پختونخواہ ہارس ٹریڈنگ کا مرکز ہے، تمام بیوپاری اور کھلاڑی وہاں پہنچے ہوئے ہیں عمران نے سیاست کو کاروبار بنا رکھا ہے اورجنگل کو آگ لگانے والے شخص کو ٹکٹ دیا ہے ،قوم کو تقسیم کرنے والی کتابوں کو ختم کر کے دور جدید کے تقاضوں کے مطابق نئی کتابیں لکھی جائیں،پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ پرامن رہتے ہیں جس پر فخر ہے، وزیر اطلاعات کی تقریب سے خطاب ،میڈیا سے گفتگو

بدھ 4 مارچ 2015 09:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 مارچ۔2015ء)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کو کس شخص نے15 کروڑ روپے دینے کی پیشکش کی ،نام بتائیں ورنہ میں خود بتادوں گا،خیبر پختونخواہ ہارس ٹریڈنگ کا مرکز بنا ہوگا، تمام بیوپاری اور کھلاڑی پہنچے ہوئے ہیں ،عمران نے جنگل کو آگ لگانے والے شخص کو ٹکٹ دیا ہے ،عمران نے سیاست کو کاروبار بنا کر رکھا ہوا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں منعقدہ ایک تقریب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان بتائیں کہ اسے کس شخص نے سینیٹ الیکشن کی ٹکٹ کیلئے15 کروڑ روپے دینے کی پیشکش کی ہے اگر عمران خان نے نہ بتایا تو میں خود بتادوں گا۔انہوں نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کا سرچشمہ خیبر پختونخواہ ہے ،تمام بیوپاری اور کھلاڑی خیبر پختونخواہ پہنچے ہوئے ہیں ،عمران خان نے جنگل کو آگ لگانے والے شخص کو سینیٹ کا ٹکٹ دیا ہے ،عمران نے سینیٹ الیکشن لڑنے والے ہر شخص کو مشکوک بنا دیا ہے ،عمران نے سیاست کو بھی کاروبار بنادیا ہے ،عمران نے سینیٹ الیکشن کیلئے ایسے شخص کو بھی ٹکٹ دیئے جن کا سیاست میں کبھی نام نہیں سنا تھا ،عمران ہارس ٹریڈنگ کے ذمہ دار ہیں ، انہوں نے کہا کہ جنگل کو آگ لگانے والے شخص کو سینیٹ ٹکٹ دیکر ان کو مزید ایندھن فراہم کر دیا گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ5 مارچ کو سینیٹ الیکشن ہو رہے ہیں تمام سیاسی جماعتوں کی اکثریت کا پتہ چل جائے گا،عمران خان بغیر ثبوتوں اور بغیر سوچ سمجھ کر الزام لگاتے ہیں ان کے رویے کی وجہ سے ملک کے اداروں کو شدید نقصان پہنچا ہے ،وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان میں دنیا کے تمام مذاہب کے لوگ امن سے رہتے ہیں ،مذہبی رواداری کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ،قوم کو تقسیم کرنے والی کتابوں کو ختم کر کے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق کتابیں لکھی جائیں ۔

(جاری ہے)

۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ ہم وسعت قلبی میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں ،معاشرے کی ترقی کے لئے مقالمے وقت کی اہم ضرورت ہیں کوئی بھی معاشرہ مقالمے کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ رہتے ہیں جو ہماری لئے قابل فخر ہے ،دنیا میں مذہبی رواداری کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ قوم کو تقسیم کرنے والے کتابوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے اور جدید دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھ کر نئی کتابیں لکھی جانی چاہئیں