سعودی شاہ سلمان کی مصری صدر السیسی سے بات چیت، دوطرفہ تعلقات اور اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال،دونو ں ملکوں کا دوطرفہ تزویراتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

منگل 3 مارچ 2015 08:52

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 مارچ۔2015ء) مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے سعودی دارالحکومت الریاض میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ہے اور ان سے دوطرفہ تعلقات اور اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ملاقات میں سعودی ولی عہد شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز،نائب ولی عہد اور وزیر داخلہ شہزادہ نایف بن محمد ،وزیردفاع محمد بن سلمان اور دوسرے اعلیٰ عہدے دار بھی موجود تھے۔

دونوں لیڈروں نے مصر اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تزویراتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔قبل ازیں مصری صدر السیسی سعودی عرب کے اتوار کو ایک روزہ سرکاری دورے پر الریاض پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

(جاری ہے)

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز اور دوسرے اعلیٰ عہدے داروں نے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ان کا خیرمقدم کیا۔

سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہونے سے قبل صدر عبدالفتاح السیسی نے العربیہ نیوز چینل کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں مصر اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔انھوں نے کہا کہ ''مصر اور سعودی عرب اور مصر اور دوسرے خلیجی برادر ممالک کے درمیان گذشتہ کئی برسوں سے مضبوط اور مستحکم تعلقات چلے آرہے ہیں''۔انھوں نے کہا کہ عرب خطے میں موجودہ مشکل صورت حال کے پیش نظر دونوں ممالک کو دوطرفہ روابط مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔