ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کا سندھ کی ترقی وخوشحالی اورصوبے کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے مل جل کرکام کر نے پر اتفاق ، الطاف حسین اور آصف زرداری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی اور سینیٹ انتخابات میں دونوں جماعتوں کے امیدواروں کی بلامقابلہ کامیابی پر ایک دوسرے کو مبارکباد بھی پیش کی

منگل 3 مارچ 2015 09:08

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 مارچ۔2015ء)متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین اور پیپلزپارٹی کے کوچیئرپرسن وسابق صدرپاکستان آصف علی زرداری کے درمیان ٹیلی فون پررابطہ ہوا۔ گفتگو میں دونوں رہنماوٴں نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی اور سینیٹ کے انتخابات میں ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی بلامقابلہ کامیابی پر ایک دوسرے کو مبارکباد بھی پیش کی۔

دونوں رہنماوٴں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی صوبہ سندھ کی بڑی جماعتیں ہیں لہٰذا دونوں جماعتوں کو سندھ کی ترقی وخوشحالی اورصوبے کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے مل جل کرکام کرنا چاہیے اورترجیحی بنیادوں پر عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔ الطاف حسین اور آصف علی زرداری نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ ماضی کی غلطیوں ،کوتاہیوں اورغلط فہمیوں کو دہرایا نہیں جائے گا اور صوبے میں مفاہمت کی فضاء کو عملی طورپرفروغ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماوٴں نے اپنی اپنی جماعتوں کے رہنماوٴں اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ آپس میں مل جل کر صوبہ سندھ اور پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے اتحاد ویکجہتی کامظاہرہ کریں۔ الطاف حسین نے پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم کے مابین نیک نیتی کے ساتھ اتحاد ویکجہتی کیلئے کوششیں کرنے والے افراد بالخصوص سابق وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کے کردار کو سراہا اورانکاخصوصی شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر آصف علی زرداری نے الطاف حسین سے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر عشرت العباد اور رحمان ملک نے ہرکڑے اور مشکل وقت میں مثبت کردارادا کیا ہے اور توڑنے کے بجائے ہمیشہ جوڑنے اور ملانے کی بات کی ہے ۔ آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی کے حق میں اسلام آباد سے سینیٹ کے انتخابات کیلئے ایم کیوایم کی دو خواتین امیدواروں کے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا خیرمقدم کیا اور الطاف حسین کا شکریہ ادا کیا۔