ملک بھر میں طوفانی بارش، مختلف حادثات میں3ایف سی اہلکاروں سمیت20افراد جاں بحق،50سے زائد زخمی

منگل 3 مارچ 2015 09:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 مارچ۔2015ء)ملک بھر میں طوفانی بارش مختلف حادثات میں3ایف سی اہلکاروں سمیت20افراد جاں بحق،50سے زائد زخمی ہوگئے،لاہور اور پنڈی میں سڑکیں تالاب بن گئیں،راولپنڈی کے نالہ لئی میں طغیانی کے باعث سیکورٹی الارم بجا دئے گئے،سیالکوٹ میں بھی نچلے درجے کا سیلاب آگیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار سے جاری بارش نے کئی علاقوں میں تباہی مچا دی ،شدید بارش کے باعث پشاور کے علاقے متنی میں ایف سی چوکی کی چھت گرگئی جس کے باعث چوکی میں موجود4ایف سی اہلکار جاں بحق،3زخمی ہوگئے،جاں بحق اہلکاروں میں امجد علی،جواد علی،عابد علی اور تہذیب علی شامل ہیں،کوہاٹ کے علاقے ملنگ آباد میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت2افراد جاں بحق جبکہ بچہ زخمی ہوگیا،چھت کے نیچے8 مویشی بھی دب گئے جن میں سے5 کو نکال کر ذبح کیا گیا،ایک اور حادثے میں مکان کی چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا،ہری پور کے علاقے سرائے صالح میں نالے میں شدید طغیانی کے باعث گلیات اور ایبٹ آباد سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا،ادھر مظفرآباد کے علاقے مانکیاں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث3مکان ملبے تلے آکر منہدم ہوگئے،تاہم بروقت امدادی کارروائی کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا،واہ کینٹ میں نو تعمیر شدہ دو منزلہ عمارت بارش کے باعث منہدم ہوگئی جس کے ملبے تلے آکر ایک بچہ جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 18افراد زخمی ہوگئے،آخری اطلاعات آنے تک امدادی کارروائیاں جاری تھیں اور ہلاکتوں میں اضافے کے خدشے کا اظہار کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

لاہور کے علاقے شاہدرہ میں ماچس فیکٹری کے قریب جانوروں کے باڑے میں کام کرنے والے 3 ملازم سو رہے تھے کہ بارش کے باعث خستہ حال چھت گرگئی جس کے باعث ملبے تلے دب کر 60 سالہ ادریس اور 55 سالہ سیف جاں بحق ہوگئے جبکہ 35 سالہ نصیر شدید زخمی ہوگیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور دونوں لاشوں اور زخمی شخص کو ہسپتال منتقل کر دیا۔

گنگا رام ہسپتال کے آئی سی یو وارڈ کی چھت کا پلستر بھی اکھڑ گیا۔ ادھر ڈونگہ بونگہ کے محلہ مہاجرین میں بھی بارش نے گھر کی چھت گرا دی جس سے ماں اور بیٹی جاں بحق ہوگئی۔ کرک کے علاقے کوہ میدان میں بارش کی وجہ سے گرنے والی چھت نے ایک بچی کی جان لے لی ، حادثے میں دو خواتین بھی زخمی ہوئیں۔ مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی کے علاقے سندوخیل میران کور میں شدید بارش سے عبدالمالک نامی شخص کے گھر کی چھت گر گئی جس کے باعث ایک برس کا ایاز اور تین برس کا امجد اور ان کی والدہ باچا زرینہ دم توڑ گئے ، دو بچے شدید زخمی بھی ہوگئے جنہیں پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔

ادھر تلہ گنگ کے علاقے چوکھنڈی میں بارش کے باعث پولٹری فارم کی چھت گر گئی جس سے ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ قصور میں ابراہیم آباد میں شدید بارش سے گھر کی چھت گرگئی ، چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔گوجرانوالہ کے علاقے چیانوالی میں مکان کی چھت گرنے سے 5سالہ بچی ملبے تلے آکر جاں بحق ہوگئی،لاہور میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں،سیالکوٹ میں ہیڈمرالہ کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

روالپنڈی میں نشیبی علاقوں کی سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں نالہ لئی میں پانی کی سطح 17فٹ تک بلند ہوگئی جس کے بعد گوالمنڈی اور دیگر نشیبی علاقوں میں سیکورٹی الام بجا دئیے گئے اور قریبی آبادی کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی وارننگ دی گئی،اسلام آباد میں راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے سے گنجائش5فٹ تک رہ گئی،انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر خطرہ ہوا تو سپل ویز کھول دئیے جائیں گے،نالہ لئی میں سیلاب کے پیش نظر فوج کو ہائی الرٹ کردیاگیا ہے

متعلقہ عنوان :