ساوٴتھ ایشین سوکرفٹسال چیمپن شپ ،پاکستانی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی ،قومی ٹیم نے نیپال کو3-0 جبکہ بھارت کو6-2سے شکست دے کرفائنل تک رسائی حاصل کی

پیر 2 مارچ 2015 08:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 مارچ۔2015ء) پاکستانی سوکرفٹسال ٹیم نیپال کی سرزمین پر کھیلی جانے والی ساوٴتھ ایشین سوکرفٹسال چیمپن شپ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے ،نیپال کے شہرپخارا میں کھیلی جارہی ساوٴتھ ایشین سوکرفٹسال چیمپن شپ کے لیگ میچزمیں پاکستانی سوکرفٹسال ٹیم نے روایتی حریف بھارت اورنیپال کی ٹیموں کو شکست دے کر فائنل کیلئے رسائی حاصل کرلی ،قومی ٹیم اپنا آخری لیگ میچ آج سری لنکا کیخلاف کھیلے گی ۔

نیپال سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پاکستانی ٹیم نے اپنے پہلے میچ میزبان ملک نیپال کی ٹیم کی کو3-0 سے شکست دی ،فاتح ٹیم کی طرف سے محمد رضا ،دانیال اورحمزہ نصرت ایک ،ایک گول سکورکیا ۔پاکستانی ٹیم نے اپنے دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت کو 6-2 سے شکست دے کرفائنل کیلئے کوالیفائی کیا ۔

(جاری ہے)

چالیس منٹ دورانیے پرمشتمل میچ کے دونوں ہاف میں پاکستانی کھلاڑی چھائے رہے ،فاتح ٹیم کی جانب سے بلال نے شاندارکھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوگول اسکورکیے جبکہ دانیال ،حمزہ نصرت ،انس اورعامرنے ایک ،ایک گول اسکورکیا ۔

پاکستان فٹسال فیڈریشن کے صدر حاجی طارق محمود نے پہلی مرتبہ ساوٴتھ ایشین سوکرفٹسال چیمپن شپ میں شرکت کرنے والی پاکستانی سوکرفٹسال ٹیم کوفائنل کیلئے کوالیفائی کرنے پرٹیم مینجمنٹ اورکھلاڑیوں کو مبارکباد دی اوراس عزم کا اظہارکیا کہ پاکستانی سوکرفٹسال ٹیم لیگ میچزکی طرح فائنل میں بھی شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اورساوٴتھ ایشین سوکرفٹسال چیمپن شپ جیت کردہشت گردی سے متاثرہ دکھی قوم کو خوشیاں فراہم کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :