”روٹھی قسمت مان گئی “ ورلڈ کپ 2015 ء میں بالآخر پاکستان نے پہلی کامیابی حاصل کرلی ،قدرے کمزور حریف زمبابوے کو سخت مقابلے کے بعد 20 رنز سے شکست، قومی فاسٹ باؤلرز نے زبردست کارکردگی،کم ہدف کا دفاع کیا،وہاب ریاض اور عرفان کی چار ،چاروکٹیں، شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر وہاب ریاص مین آف دی میچ قرار ،ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی پر عوام خوشی سے جھوم اٹھے، شہروں میں جشن منایا گیا

پیر 2 مارچ 2015 08:05

برسبین (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 مارچ۔2015ء)”روٹھی قسمت مان گئی “ ورلڈ کپ 2015 ء میں بالآخر پاکستان نے اپنا پہلا میچ قدرے کمزور حریف زمبابوے سے سخت مقابلے کے بعد 20 رنز سے جیت لیا‘پاکستانی فاسٹ باؤلرز نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کم ہدف کا دفاع کیا،وہاب ریاض کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ، ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی پر ملک بھر میں عوام خوشی سے جھوم اٹھے اور تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جشن منایا گیا۔

اتوار کو برسبین میں کھیلے جانے والے پول بی کے میچ میں پاکستان کی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ناصر جمشید اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا اور اوپنر زپھر ناکام رہے‘ ناصر جمشید 1 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے چار مجموعی سکور پر احمد شہزاد بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ۔

(جاری ہے)

تیسری وکٹ کی شراکت میں حارث سہیل اور مصباح الحق نے 54 رنز کا اضافہ کیا۔

حارث سہیل 27 رنز بنا سکے ۔ عمر اکمل نے 33 رنز کی اننگز کھیلی شاہد آفریدی بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کی 155 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے اس کے مصباح الحق نے وہاب ریاض کے ساتھ مل کر ٹیم کی پوزیشن کو سنبھالا ۔ وہاب ریاض نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے46گیندوں پر ناقابل شکست 54 رنز کی اننگز کھیلی۔ مصباح الحق نے بھی 121 گیندوں پر 73 رنز بنائے لیکن پھر بھی سینچری بنانے کا ان کا خواب پورا نہ ہوسکا۔

پاکستان کی ٹیم نے مقررہ پچاس اووروں میں 235 رنز بنائے ۔ زمبابوے کی طرف سے ٹینڈ ائے نے تین اور ویلیمز نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 236 رنز کے تعاقب میں زمبابوے کی بیٹنگ لائن بھی شروع میں ہی لڑ کھڑا گئی۔محمد عرفان کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت 22 کے مجموعی سکور پر ان کے دو بلے باز آؤٹ گئے۔ اس کے بعد ویلیمز اور ٹیلر کے درمیان 54 رنز کی پارٹنر شپ ہوگئی ۔

ٹیلر 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کے وکٹ کیپر عمر اکمل کی ناقص کیپ کا سلسلہ جاری رہا۔ شاہد آفریدی کی باؤلنگ پر دو کیچ چھوڑ دیئے ۔ زمبابوے کے آٹھ کھلاڑی 168 رنز پر آؤٹ ہوچکے تھے تاہم آخری دو بلے بازوں چکمبورا اور پیانگارا نے بھرپور مزاحمت جاری رکھی۔ شاہد آفریدی نے 47 واں اوور میڈان کراکر میچ زمبابوے سے دور لے گئے۔ زمبابوے کی ٹیم آخری اوور میں 215 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور پاکستان نے بیس رنز سے میچ جیت کر انتہائی قیمتی دو پوائنٹ حاصل کرلئے۔

ا س کامیابی کے ساتھ ہی جہاں قومی ٹیم کو ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی نصیب ہوئی ہے وہاں پاکستان کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے امکانات بھی روشن ہیں۔ تاہم انہیں آنے والے میچز میں اچھی کارکردگی کے ساتھ کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ پاکستان کی طرف سے فاسٹ باؤلر محمد عرفان نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جبکہ وہاب ریاض نے بھی چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کے ساتھ ساتھ نصف سنچری سکور بھی کی۔

اس آل راؤنڈ کارکردگی پر انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ زمبابوے کیخلاف قومی ٹیم کی اس کامیابی پر فتح کیلئے ترسے ہوئے شائقین کرکٹ جھوم اٹھے۔ لاہور ‘ کوئٹہ ‘کراچی‘ فیصل آباد‘ پشاور‘ راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت تمام شہروں میں جشن منایا۔ ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا ۔ مٹھائیاں تقسیم کیں۔ قومی ٹیم اپنا اگلا میچ چارمارچ کو متحدہ عرب امارات کیخلاف کھیلے گی۔

متعلقہ عنوان :