سیاسی جرگے کی اسحاق ڈار سے ملاقات،اسحاق ڈار نے جرگے کے خط کا جواب حوالے کردیا،حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان اختلافات بہت کم رہ گئے ہیں،امید ہے فریقین میں جلد مذاکرات ہوں گے اور مسئلہ کم مدت میں حل ہوجائے گا،پوری قوم ڈیڈلاک کے خاتمے کی منتظر ہے،جوڈیشل کمیشن عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہئے،دونوں جماعتوں کے خط کا بغور جائزہ لینے کے بعد اپنی تجاویز دیں گے،خواہش ہے کہ پی ٹی آئی جلد اسمبلی میں واپس آجائے ،رحما ن ملک/سراج الحق کی میڈیا سے گفتگو، جرگے کی آمد کا مشکور ہوں،خط کا تفصیلی جواب دے دیا ہے،جرگے کے ڈرافٹ کی روشنی میں جوڈیشل کمیشن بننا چاہئے،اسحاق ڈار

اتوار 1 مارچ 2015 09:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم مارچ۔2015ء)سیاسی جرگے نے کہا ہے کہ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان اختلافات بہت کم رہ گئے ہیں،امید ہے فریقین میں جلد مذاکرات ہوں گے اور مسئلہ کم مدت میں حل ہوجائے گا،پوری قوم ڈیڈلاک کے خاتمے کی منتظر ہے،جوڈیشل کمیشن عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہئے،دونوں جماعتوں کے خط کا بغور جائزہ لینے کے بعد اپنی تجاویز دیں گے،خواہش ہے کہ پی ٹی آئی جلد اسمبلی میں واپس آجائے جبکہ وفاقی وزیر سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جرگے کی آمد کا مشکور ہوں،خط کا تفصیلی جواب دے دیا ہے،جرگے کے ڈرافٹ کی روشنی میں جوڈیشل کمیشن بننا چاہئے،کمیشن آئین وقانون کے مطابق فیصلہ دے گا۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی رات پیپلزپارٹی کے رہنما اور سیاسی جرگے کے کنوینئر رحمان ملک اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی،جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسحاق ڈار نے جرگے کے خط کی روشنی میں حکومت کی طرف سے اس کا جواب سیاسی جرگے کے حوالے کیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ جرگے کی آمد کا مشکور ہوں،خط کا تفصیلی جواب دے دیا ہے اور تمام تر تحفظات کا تحریری جواب دیا ہے،جرگے کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،جرگے کی سوچ انتہائی مثبت ہے،ان کے ڈرافٹ کی روشنی میں جوڈیشل کمیشن بننا چاہئے،چاہتے ہیں کہ جرگہ اپنی کوششوں میں کامیاب ہوجائے،جوڈیشل کمیشن آئین وقانون کے مطابق فیصلہ دے گا۔

اس موقع پر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے تعاون کا یقین دلایا ہے،امید ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے معاملات طے پا جائیں گے،پوری قوم ڈیڈلاک کے خاتمے کی منتظر ہے،چند دن میں معاملے کا حل نکال لیں گے،جرگے کی وجہ سے بڑے بڑے اختلافات میں کمی آئی ہے،قوم نے مذاکرات کے فریقین پر نظریں رکھی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہئے،کمیشن تحقیقات کرے کہ آیا انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے یا نہیں،چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی میں واپس آجائیں،عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے،انہیں اسمبلی میں آنا چاہئے،اگر نگران حکومت نے کچھ کیا تو اس میں(ن) لیگ کا کوئی تعلق نہیں۔

اس کے علاوہ سراج الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی کوششوں میں کامیابی حاصل ہوئی ہے،جمہوری تسلسل چاہتے ہیں ،سیاسی رہنماؤں کو چاہئے کہ وہ پارلیمنٹ میں آئیں اور جمہوری عمل کا تسلسل رہنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ مسئلے کا حل حل ہو،دونوں جماعتوں کے خط پر بغور جائزہ لینے کے بعد فریقین کو اپنی تجاویز دیں گے،ہم چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی جلد اسمبلی میں واپس آجائے،فریقین میں فاصلہ کم رہ گیا ہے،ہم ثالث کے طور پر اختلافات کم کرائیں گے،اختلافات میں کافی حد تک کمی آئی ہے،14اگست کے بعد سے ہم مسلسل کوششیں کر رہے ہیں،خط کا جواب ملنے کے بعد بہت سے خدشات دور ہوگئے ہیں۔