بھارت نے پاکستان کے ساتھ شملہ معاہدے کے تحت مسئلہ کشمیر سمیت تمام ایشوز پر مذاکرات شروع کرنے پر آمادگی ظاہرکردی، بھارتی سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر آئندہ ماہ پاکستان سمیت تمام جنوبی ایشیائی ملکوں کا دورہ کریں گے

جمعرات 26 فروری 2015 09:28

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 26فروری۔2015ء) بھارت نے پاکستان کے ساتھ شملہ معاہدے کے تحت مسئلہ کشمیر سمیت تمام ایشوز پر مذاکرات شروع کرنے پر آمادگی ظاہرکردی ہے جس کا آغاز تین مارچ کو بھارتی سیکرٹری خارجہ کے دورہ اسلام آباد سے ہوگا ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے فیس بک پر براہ راست سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ جموں وکشمیر سمیت تمام ایشوز پر شملہ معاہدے کے مطابق بات چیت کے لئے تیار ہے ۔

۔انہوں نے کہا کہ بھارتی سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر آئندہ ماہ پاکستان سمیت تمام جنوبی ایشیائی ملکوں کا دورہ کریں گے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ بات چیت کا ایجنڈا اور نکات ابھی طے ہونا باقی ہیں تاہم بھارت نے یہ عندیہ دیدیا ہے کہ وہ کشمیر مسئلے پر بھی مذاکرات کے لئے تیار ہے ۔