پنجاب میں 4ہزار سے زائد ”گھوسٹ “ دینی مدارس ہیں،صوبائی وزیر داخلہ پنجاب ، 16ہزار دینی مدارس رجسٹرڈ ہیں، بیرونی امداد ”ہڑپ“ کی جا رہی ہے،500دینی مدارس کے طلبہ ویزے کی معیاد ختم ہو چکی ہے ،کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی پنجاب اسمبلی میں گفتگو

منگل 24 فروری 2015 09:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 24فروری۔2015ء)پنجاب میں 4ہزار سے زائد ”گھوسٹ “ دینی مدارس ہیں۔ 16ہزار دینی مدارس رجسٹرڈ ہیں، بیرونی امداد ”ہڑپ“ کی جا رہی ہے،500دینی مدارس کے طلبہ ویزے کی معیاد ختم ہو چکی ہے ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر)شجاع خانزادہ نے پنجاب اسمبلی کے باہر اور ایوان میں بات کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت پاکستان آرمی کے ساتھ مل کرنیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائی کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں پہلا مرحلہ مکمل کرلیا گیا ہے اور ہم نے 5آرڈیننس جاری کئے ہیں جن پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے 4شیڈول مرتب کئے ہیں جن میں دہشت گردوں کی معاونت اور تخریب کاری کرنے والے افراد بھی شامل ہیں اور کل 18سو 23میں سے 600معاونت کاروں اور دہشت گردوں کو گرفتارکیا جا چکا ہے جبکہ 9ہزار مدارسکے کوائف بھی اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دینی مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے 500کے لگ بھگ طلبہ ایسے ہیں جن کے ویزے کی معیاد ختم ہو چکی ہے اور وہ غیر قانونی طورپر ملک میں مقیم ہیں جنہیں ڈی پورٹ کیاجارہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ وفاق المدارس سمیت مذہبی جماعتوں سے موجودہ حالات پر بات چیت جاری ہے اور کسی بھی قسم کی کوئی مزاحمت دیکھنے میں نہیں آئی ہم کسی بھی قسم کا تشدد نہیں چاہتے ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب بھر میں 4ہزار سے زائد گھوسٹ دینی مدارس ہیں جن کا کوئی ریکارڈ ہی موجود نہیں اور یہ مدارس غیر ملکی امداد ہڑپ کر رہے ہیں ۔