ہماری تنخواہیں دیگر صوبوں سے انتہائی کم ہیں اضافہ کیا جائے،اراکین پنجاب اسمبلی کا اجلاس میں پھر مطالبہ ،صوبائی وزیر قانون کی سربراہی میں 12رکنی کمیٹی کو ایک ہفتے میں سفارشات تیارکرکے ایوان میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی

منگل 24 فروری 2015 08:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 24فروری۔2015ء )پنجا ب اسمبلی کے اجلاس میں (ن)لیگ کے رکن اسمبلی عبد الحلیم شاہ نے نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہاکہ اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہ دیگر صوبوں کے اراکین اسمبلی کے مقابلے میں انتہائی کم ہے یہاں پر اراکین اسمبلی کی تنخواہ 12ہزار روپے اور دیگر الاؤنسز شامل کرکے تقریبا 45ہزار روپے بنتی ہے جبکہ خیبر پختونخواہ میں اراکین اسمبلی کی تنخواہ 91ہزار 800، بلوچستان میں 1لاکھ 40ہزار، سندھ میں 83ہزار 400اورگلگت بلتستان میں 72ہزار روپے ہے اس لئے ہمارامطالبہ ہے کہ ہماری تنخواہوں اور الاؤنسز میں دیگر صوبوں کے برابر اضافہ کیا جائے جس پر حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے ڈیسک بجا کر مذکورہ رکن اسمبلی کے موقف کی تائید کی جبکہ قائمقام سپیکر نے ایوان کوبتایا کہ صوبائی وزیر قانون کی سربراہی میں 12رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو ایک ہفتہ میں سفارشات مرتب کرے گی کمیٹی میں خلیل طاہر سندھو سمیت دیگروزراء اور اراکین بھی شامل ہیں جب یہ سفارشات آئیں گی تو انہیں وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوایاجائے گا جوان سفارشات کی روشنی میں فیصلہ کریں گے