مدارس کے خلاف ایکشن ،وفاق المدارس العربیہ نے آرمی چیف سے مدد مانگ لی

منگل 24 فروری 2015 08:58

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 24فروری۔2015ء)وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ مولاناحنیف جالندھری نے مدارس ، مساجداور علماء کرام کے خلاف حکو متی اقدامات کے خلاف کانفر نسز منعقد کر نے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم اور آرمی چیف سے سیاسی و مذہبی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلا ئیں تاکہ ہمارے تحفظات دور ہو سکی۔ان خیالات کا اظہار لاہور پریس کلب میں مذہبی رہنماؤں علامہ طاہر اشرفی ‘عاصم مخدوم ، پیر سیف اللہ ، مولانا امجد خان، زاہد محمود قاسمی ، طارق جمیل اختر ،خلیل عزیز الرحمن سمیت دیگر کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ15اور 19مارچ کو کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ مذہب کی آڑ میں دہشت گردی کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور دہشت گردی کی آڑ میں مدارس کے خلاف آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے خواہ اس کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی ہی کیوں نہ دینی پڑے‘ایک طرف حکومت علماء کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے تو دوسری طرف مدارس اور علماء کے خلاف آپریشن کر رہی ہے جو دوغلی پالیسی ہے ‘دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 16دسمبر سانحہ پشاور کے بعد نیشنل ایکشن پلان کے تحت مرکزی اور صوبائی حکومت دینی مدارس اور علماء کو نشانہ بنا رہی ہے جو بلا جواز ہے جبکہ علماء کرام پر لاؤڈ سپیکر ایکٹ کے تحت جھوٹے مقدمات درج کئے جا رہے ہیں جس کی مذمت کرتے ہیں جبکہ ڈیٹا اکٹھا کرنے اور رجسٹریشن کے نام پر ہراساں کرنے کا عمل غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے اگر کوئی مدرسہ دہشت گردی میں ملوث ہے تو ہمیں بتایا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ مدارس اور مسجد کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ہماری قوت برداشت کا امتحان نہ لیا جائے ہم جب تعاون کی پالیسی پر عملدرآمد کر رہے ہیں تو ہمارے ساتھ سوتیلاسلوک نہ کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف حکومت ہمارے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے تو دوسری طرف آپریشن کیا جا رہا ہے جو دوغلی پالیسی ہے دینی مدارس امن کا مرکز ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حکومتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے کیلئے 15مارچ کوجامعہ اشرفیہ لاہوراور19مارچ کوراولپنڈی کی لیاقت باغ گراؤنڈ میں آل پاکستان علماء کونسل اجتماع کا اہتمام کیا جائے جس میں موجودہ حالات کے تناظر میں لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔

انہوں نے وزیراعظم میاں نوازشریف ، آرمی چیف راحیل شریف سے علماء کرام کے تحفظات کو دور کرنے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا بھی مطالبہ کیا ۔ علامہ طاہر اشرفی نے کہاکہ انٹیلی جنس ادارے نشاندہی کریں جن مدارس میں دہشت گردی کی تربیت دی جا رہی ہے بلاجواز کارروائی کو قبول نہیں کریں گے مسجد ، مدارس ، داڑھی اور پگڑی کو دہشت گردوں سے منسوب نہ کیا جائے دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور روپ نہیں ہوتا ۔انہوں نے کہاکہ کوئی درمیان والا نامعلوم شخص حکومت اور علماء کرام کو آپس میں دست گریبان کروانا چاہتا ہے لیکن ہم اس کی اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔

متعلقہ عنوان :