شام و عراق کے ایک بڑے رقبے پر داعش کے کنٹرول کے باوجود آبنائے باب المندب محفوظ ہے، امریکی کمانڈر،خطے کے اہم سمندری راستوں کی حفاظت کے لیے امریکی بحریہ کے ساتھ ساتھ متعدد ممالک کا اتحاد متحرک ہے، ایڈمرل جان ملر

منگل 24 فروری 2015 09:19

ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 24فروری۔2015ء ) امریکا نے کہا ہے کہ یمن میں سیاسی عدم استحکام اور شام و عراق کے ایک بڑے رقبے پر داعش کے کنٹرول کے باوجود تیل برآمد کرنے والی خلیجی کمپنیوں کے لیے سمندری راستے محفوظ ہیں۔ امریکی بحریہ کے وائس ایڈمرل جان ملر کے مطابق مشرق وسطیٰ میں تشدد اور سیاسی عدم استحکام کے باوجود سمندری راستے محفوظ ہیں اور بالخصوص خلیجی ممالک سے تیل برآمد کرنے والی کمپنیاں جو سمندری روٹ استعمال کر رہی ہیں، وہاں کسی تشدد یا حملے کا خدشہ نہیں ہے۔

پیر کے روز ابو ظہبی میں ایک کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس خطے کے اہم سمندری راستوں کی حفاظت کے لیے امریکی بحریہ کے ساتھ ساتھ متعدد ممالک کا اتحاد متحرک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اتحاد تیل پیدا کرنے والے ممالک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے بھی کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

امریکی کمانڈر نے یمن کی صورتحال کو پریشان کن قرار دیا اور واضح کیا کہ وہاں عدم استحکام کی وجہ سے آبنائے باب المندب میں بھی سلامتی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

جان ملر کا کہنا تھا کہ ایسی کسی صورتحال سے قبل ہی عالمی اتحاد کو کوئی موٴثر اور مناسب حکمت عملی ترتیب دینا ہو گی۔ امریکا اور اس کے دیگر اتحادی ممالک خلیج عرب میں باقاعدہ فوجی مشقیں کرتے رہتے ہیں، جن کا مقصد اس آبی راستے میں نقل و حرکت کو محفوظ بنانا ہے۔

متعلقہ عنوان :