افغان صدر اشرف غنی کا وزیراعظم میاں نواز شریف کو ٹیلی فون ، دونوں رہنماؤں کادہشتگردی کیخلاف مل کر لڑنے پر اتفاق ،خطے کی سکیورٹی کی صورتحال اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا،افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات جلد ہوں گے، عبد اللہ عبد اللہ ،طالبان کے ساتھ مذاکرات خطے میں امن اور استحکام کی خاطر کررہے ہیں ، امریکہ نے لچک کا مظاہرہ کیا ہے،13 سال سے ملنے والی کامیابیوں پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے،پورے خطے کا امن افغانستان کے جڑا ہوا ہے ، چیف ایگزیکٹو کا کابینہ اجلاس سے خطاب

منگل 24 فروری 2015 09:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 24فروری۔2015ء) افغان صدر اشرف غنی نے وزیراعظم میاں نواز شریف کو ٹیلی فون کیا ، دونوں رہنماؤں نے دہشتگردی کیخلاف مل کر لڑنے پر اتفاق کیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان صدر نے پیر کو وزیراعظم پاکستان کو ٹیلی فون کیا دونوں رہنماؤں نے خطے کی سکیورٹی کی صورتحال اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

پاک افغان تعلقات اور دہشتگردی کیخلاف جاری کارروائیوں کے امور پر بھی بات چیت کی گئی وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کے تعلقات میں تیزی آرہی ہے افغان صدر نے کہا کہ عوامی سطح پر رابطوں سے باہمی تعلقات کو تقویت ملے گی جنرل راحیل شریف کے دورہ افغانستان سے دونوں ممالک کے تعلقات مستحکم ہوں گے ۔

(جاری ہے)

ادھرافغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات جلد ہوں گے ،یہ مذاکرات صرف افغانستان کی بہتری اور استحکام کیلئے ہوں گے،13 سال سے ملنے والی کامیابیوں پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغان چیف ایگزیکٹو عبد اللہ عبداللہ نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات خطے میں امن اور استحکام کی خاطر کررہے ہیں اور یہ مذاکرات جلد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغان طالبان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں امریکہ نے مثبت اشارہ دیا ہے اور لچک کا مظاہرہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات افغانستان کی بہتری اور استحکام کیلئے کررہے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ13 سالوں سے افغانستان میں ملنے والی کامیابیوں پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن اور تعمیر و ترقی چاہتے ہیں ،پورے خطے میں امن کیلئے ضروری ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہواور پورے خطے کا امن افغانستان کے ساتھ جڑا ہوا ہے ۔عبداللہ عبداللہ نے مزید کہا کہ افغان طالبان کے ساتھ جلد مذاکرات شروع ہوجائیں گے اور ان مذاکرات ملکی سالمیت کو ملحوظ خاطر رکھا جائے ۔