بدین میں 15غیر رجسٹرڈ مدارس کو بند کرنے کے احکامات جاری،لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی عائد

پیر 23 فروری 2015 09:23

بدین(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 23فروری۔2015ء)ڈی آئی جی حیدرآباد کے حکم پر ضلع بدین میں مذہبی انتہا پسندی کو روکنے کے لئے کاروائی کے دوران15غیر رجسٹرڈ مدارس کو بند کرنے کے احکامات جاری کرنے سمیت مساجد اور امام بارگاہوں میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ ضلع بدین میں مذہبی وال چاکنگ کے الزام میں10مذہبی کارکنوں پر مختلف تھانوں پر مقدمات درج کئے گئے ہیں ایس ایس پی بدین خالد مصطفی کورائی نے میڈیا کو مزید بتایا کہ ضلع بھر میں مزید مدارس اور امام بارگاہوں کی تفصیلات اکھٹے کئے جارہے ہیں بدین میں اس وقت 85مدارس ہیں جن میں15غیر رجسٹرڈ مدارس بند کرنے کے لئے احکامات جاری کردیے ہیں جو بدین کے علاقے ہنگریو،راجو خانانی،نندو،کڈھن،ٹنڈو غلام علی،ٹنڈو باگو،گولارچی،ماتلی میں قائم تھے ان شہروں میں غیر رجسٹرڈ مدارس کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ایس ایس پی بدین کے مطابق ڈی آئی جی حیدرآباد کے احکامات پر سختی سے عمل جاری ہے اور قانون پر عمل نہ کرنے والے کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔