لاہور، کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران جواء لگانے والے بکیوں اور جواریوں کیخلاف آپریشن

پیر 23 فروری 2015 09:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 23فروری۔2015ء)سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)امین وینس نے کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران میچوں پر جواء کروانے والے بکیوں اور جواریوں کے خلاف کارروائی کے لیے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف اور تمام ڈویژنل ایس پیز کو سپیشل سکواڈ تشکیل دے کر کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔ایس ایچ او تھانہ لٹن روڈآصف ذوالفقارنے ایک بکی پر چھاپہ مار کر 3ملزمان کے قبضہ سے لیپ ٹاپس، ٹیلی فون سیٹ،ریکارڈر اور نقدی برآمد کر لی۔

تھانہ لٹن روڈ کی کارروائی سمیت شہر بھر میں کرکٹ میچ پر جواء کروانے والے بکیوں اور جواریوں کے خلاف کاروائی کے دوران پولیس نے 15سے زائد بکیوں اور جواریوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے10ایل سی ڈیز،15سے زائد موبائل فونز،شرط رجسٹرز،کتابیں،ریکارڈرز،لیپ ٹاپس،ٹیلی فون سیٹ اور50ہزارسے زائد نقدی برآمد کر لی ہے۔

(جاری ہے)

شہر بھر میں گزشتہ روز کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران جواء لگانے والے بکیوں اور جواریوں کے خلاف آپریشن کیا گیا۔

اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو شارٹ کٹ کی لالچ میں لا کر تباہی کی طرف دھکیلا جارہا ہے جس سے معاشرہ کے اندر بگاڑاور لاقانونیت پیدا ہورہی ہے۔سی سی پی او لاہور کے واضح احکامات کی روشنی میں شہر میں ہر قسم کے جواء کرنے والے بکیوں اور جواریوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی ہے اور آئندہ بھی کرینگے۔تمام ڈویژنل ایس پیز کو جواء کرنے والے بک میکروں کے خلاف مکمل کریک ڈاوٴن کرکے سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :