لاہور ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن کے الیکشن بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے کرانے کیلئے انتظامات مکمل ،بائیو میٹرک سسٹم میں دھاندلی کی کوئی گنجائش ہی نہیں ہر ووٹر نے انگوٹھا لگا کر ووٹ ڈالنا ہے،شفقت محمود چوہان

اتوار 22 فروری 2015 09:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 22فروری۔2015ء)لاہور ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن کے28 فروری کو ہونیوالے الیکشن بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے کرانے کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور کل بروز پیر اس کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔اس حوالے سے لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر شفقت محمود چوہان نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار لاہور ہائیکورٹ بار کے الیکشن بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے کرائے جارہے ہیں ،بائیو میٹرک سسٹم میں دھاندلی کی کوئی گنجائش ہی نہیں ہر ووٹر نے انگوٹھا لگا کر ووٹ ڈالنا ہے الیکشن صاف اور شفاف ہونگے ،میں وکلا سے کیا وعدہ پورا کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں اور بلدیاتی الیکشن بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے کرائے جائیں تو الیکشن صاف شفاف ہونگے اور دھاندلی کے الزامات کا بھی خاتمہ ہوگا۔

(جاری ہے)

حکومت کو چاہئے کہ موجودہ نظام عدل کو بہتر بنائے اور دہشتگردی کی عدالتوں کے ججوں ، وکلاء اور گواہوں کو تحفظ فراہم کرے ،21 ویں ترمیم کے مسئلے پر اعلیٰ عدلیہ کے ریٹائرڈ ججوں کاکنونشن بلا لیا ہے جس پران سے رائے لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اکیسویں ترمیم کے ذریعے آئین کا حلیہ بگاڑ دیاگیا ہے۔وکلاء صرف آئین کا تحفظ چاہتے ہیں۔ ان کااپناکوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے۔ہم چاہتے ہیں تمام ادارے اپنے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں۔