فیصل آباد شہر میں پابندی کے باوجود پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کا اندھا دھند ا ستعمال ،پولیس اور ضلعی انتظامیہ پتنگ بازی روکنے میں ناکام ، ہوائی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق سات زخمی

ہفتہ 21 فروری 2015 08:21

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 21فروری۔2015ء)فیصل آباد شہر میں پابندی کے باوجود پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کا اندھا دھند ا ستعمال ،پولیس اور ضلعی انتظامیہ پتنگ بازی روکنے میں مکمل طورپر ناکام ، ہوائی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق سات زخمی ہوگئے ، زخمیوں میں دو بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہے ۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبہ بھر میں پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ پر سخت پابندی لگا رکھی تھی مگر وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کو مقامی انتظامیہ اور پولیس نے ہوا میں اڑا دیا جس کی وجہ سے مختلف تھانوں کی پولیس نے پتنگ بازوں اور فائرنگ کرنے والوں کو کھلی چھٹی دی ہوئی تھی چنانچہ فیصل آباد کے مختلف علاقوں غلام محمد آباد ، پیپلز پارٹی ، رضا آباد ، راجے والا ، گلبرگ ، ٹی ٹائپ کالونی ، پیپلز کالونی ، وارث پورہ ، سنتھ سنگھ والا اور دیگر علاقوں میں ڈھول کی تھاپ اور باجوں کے ساتھ سارا دن پتنگ بازی کے ساتھ فائرنگ کا وقفے وقفے سے سلسلہ جاری رہا فیصل آباد کے علاقے لوڈھی والا میں ایک شخص محمد علی ولد غفور احمد جو گلی نمبر ایک کا رہنے والا تھا اندھی گولی کاشکار ہوگیا جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور کیمیکل ڈور سے سات افراد زخمی ہوگئے جن میں بشیر احمد ، شکیل ، شفیق ،دو کم سن بچے طارق اور ابو بکر کے علاوہ ایک خاتون بھی شامل ہے وزیراعلیٰ نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فیصل آباد پولیس اور انتظامیہ کی سخت سرزنش کرتے ہوئے پولیس کو پتنگ بازی اور فائرنگ کرنے والے افراد کی فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا چنانچہ پولیس نے معطلی کے خوف سے مختلف مقامات سے چالیس سے زائد افراد کو فائرنگ اور پتنگ بازی کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا