لیکشن ٹربیونل نے گذشتہ روز این اے 118 کے متعلق دائر دھاندلی کی درخواست کی سماعت کی،تحریک انصاف کے امیدوار کی جانب سے انگوٹھوں کے نشانات کو نادرا سے تصدیق کرانے کیلئے متفرق درخواست دائر کر دی گئی

ہفتہ 21 فروری 2015 07:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 21فروری۔2015ء)الیکشن ٹربیونل نے گذشتہ روز این اے 118 کے متعلق دائر دھاندلی کی درخواست کی سماعت کی۔ٹربیونل کی طرف سے بنائے گئے کمشن کی رپورٹ بحث ہونا تھی کہ تحریک انصاف کے امیدوار کی جانب سے انگوٹھوں کے نشانات کو نادرا سے تصدیق کرانے کے لئے متفرق درخواست دائر کر دی گئی۔ ٹربیونل کی طرف سے نامزد کردہ انکوائری کمیشن غلام حسین اعوان نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 118 کے ووٹوں کے310 تھیلوں کا معائینہ مکمل کر کے رپورٹ جمع کرائی تھی۔

فاضل الیکشن ٹربیونل نے آئیندہ تاریخ سماعت پر دائر کردہ درخواست کا جواب ملک ریاض سے طلب کر لیا ہے۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 118کے رکن قومی اسمبلی ملک ریاض نے نوائے وقت کو بتایا کہ تمام ووٹ چیک ہو گئے ہیں تحریک انصاف کے امیدوار حامد زمان کی طرف سے جان بوجھ کر کیس کو تاخیر کا شکار کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ملک ریاض نے کہا کہ انکے ایک لاکھ 69 ہزار678 ووٹوں کی تصدیق ہو گئی ہے۔ذرائع کے مطابق الیکشن ٹربیونل میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں این اے 118 کے حوالے سے بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ووٹوں کے تھیلوں میں فارم 14,15 کی عدم موجودگی کا بھی انکشاف کیا گیا ہے ۔یاد رہے مذکورہ حلقے سے مسلم لیگ کے ن کے ریاض ملک فتح یاب ہوئے تھے جسے تحریک انصاف کے حامد زمان نے چیلنج کررکھا ہے۔