شہبازشریف سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقات،قومی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیرہے،وزیراعلیٰ پنجاب

ہفتہ 21 فروری 2015 07:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 21فروری۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی ،انتہا پسندی اور فرقہ واریت ملک کے امن اور ترقی کیلئے زہر قاتل ہے-قومی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیرہے-انہوں نے کہا کہ سفاک درندوں نے بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہایا ہے-چھپ کر وار کرنے والے بزدل دشمن کا عبرتناک انجام قریب ہے-دہشت گردی کے عفریت سے چھٹکارے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر پوری طرح عملدرآمد کیاجارہاہے-وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد سے ہی پاکستان کی دھرتی دہشت گردی کی لعنت سے پاک ہوگی-نیشنل ایکشن پلان ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کے قومی عزم کا عکاس ہے-پاکستان کے 18کروڑ بہادر عوام دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں-وہ آج یہاں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات کرنے والے اراکین قومی اسمبلی میں رانا شمیم احمد خان،محمد جنید انور چوہدری،چوہدری شہبازبابر،اراکین صوبائی اسمبلی چوہدری شبیر احمد،علی اصغر منڈا،چوہدری ارشد احمد آرائیں،طارق محمود باجوہ ،ملک محمد اقبال چنٹر، راشدہ یعقوب ،محمد اعجاز شفیع، چوہدری محسن اشرف، محمد آصف باجوہ ،چوہدری ارشد جاویدوڑائچ،منور احمد گل،چوہدری محمد اکرم اوررانا لیاقت علی شامل تھے ۔