کراچی، آصف زرداری کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، صوبے کی امن و امان اور صوبے کی سیاسی صورت حال سمیت دیگر امور کا جائزہ ،سابق صدر کو اس سلسلے میں سندھ حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا،سندھ میں دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے فوری ”کاوٴنٹر ٹیریرزم فورس اور انسداد دہشتگردی ویمن فورس کا قیام بھی عمل میں لایا جائے،سابق صدر کا خطاب

ہفتہ 21 فروری 2015 07:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 21فروری۔2015ء) سابق صدرپاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس جمعہ کو بلاول ہاوٴس کراچی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، رکن قومی اسمبلی فریال تالپور، وزیر بلدیات و اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن، چیف سیکرٹری سندھ، آئی جی پولیس اور ایڈوکیٹ جنرل سندھ شریک تھے۔

اجلاس میں صوبے کی امن و امان اور صوبے کی سیاسی صورت حال سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری کو اس سلسلے میں سندھ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے فوری طور پر صوبے میں ”کاوٴنٹر ٹیریرزم فورس“ (دہشتگردی کے فوری خاتمے کے لئے فورس) کاقیام عمل میں لائے اور ساتھ ہی انسداد دہشتگردی ویمن فورس کا قیام بھی عمل میں لایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایات دیں کہ صوبے میں قیام امن کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے اور قیام امن کے سلسلے میں تمام اقدامات کو بروئے کار لایا جائے۔ آصف علی زرداری نے یہ بھی ہدایات دیں کہ سندھ حکومت وفاقی حکومت اور امن و امان کی بحالی کے وفاقی اداروں کے ساتھ مل کر دہشتگردی کا ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاتمہ کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ اس موقع پر انہوں نے صوبہ سندھ میں پولیس، رینجرز اور امن و امان کی بحالی کے اداروں کی خدمات کو بھی سراہا اور وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایات دیں کہ ان فورسز کو ضروریات کی تمام اشیاء بالخصوص جدید ہتھیار اور دیگر سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں قیام امن کے لئے سندھ حکومت پولیس، رینجرز اور دیگر امن و امان کی بحالی کے اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ رکھے ہوئے ہے اور اسی طرح وفاقی اداروں کے ساتھ بھی تمام معاملات کو شئیر کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمہ اور قیام امن کے لئے صوبے میں لاوٴڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال اور کرایہ کے مکانات کے حصول کے حوالے سے سندھ اسمبلی میں فوری طور پر قانون سازی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے خواتین فورسز کے ساتھ ساتھ انسداد دہشتگردی ویمن فورس کے قیام کے حوالے سے بھی تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور جلد ہی اس فورس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :