بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا سوٹ 4 کروڑ 31 لاکھ میں فروخت

ہفتہ 21 فروری 2015 08:36

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 21فروری۔2015ء ) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا وہ سوٹ جو انہوں نے امریکی صدر باراک اوباما کے ساتھ ملاقات کے موقع پر پہنا تھا وہ 4 کروڑ 31 لاکھ میں روپے میں فروخت ہوگیا جبکہ منتظمین کا کہنا ہے کہ اس سے حاصل ہونے والی رقم کو دریائے گنگا کی صفائی مہم میں استعمال کیا جائے گا۔وزیراعظم نریندرمودی کے لباس کی بولی کا آغاز ایک کروڑ 61 لاکھ سے ہوا یہ بولی 3 دن تک جاری رہی جس میں آخری دن اس کی قیمت 2 کروڑ 85 لاکھ تک پہنچ گئی جبکہ آخری لمحات میں ہیرے بنانے والی کمپنی دھرمانن دھان ڈائمنڈ پرائیویٹ لمیٹڈ نے اس سوٹ کو سب سے زیادہ 4 کروڑ 31 لاکھ روپے کی بولی دے کر خرید لیا۔

بھارتی وزیراعظم کے سوٹ کیعلاوہ بولی میں ان کو ملنے والے 450 سے زائد تحائف کو بھی رکھا گیا تھا جن میں ان کو وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد تحائف میں ملنے والی مختلف اشیا شامل تھیں تاہم ان کے سوٹ کے لیے کوئی خاص قیمت مقرر نہیں کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

منتظمین کا کہنا ہے کہ نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم دریائے گنگا کی صفائی مہم کے لیے استعمال کی جائے گی۔واضح رہے کہ نریندر مودی نے امریکی صدر کے دورہ بھارت کے دوران جو سوٹ زیب تن کیا تھا اس کی مالیت لاکھوں روپے تھی جس پر اپوزیشن نے بھی مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ غریب ملک کے وزیراعظم کو اتنے قیمتی سوٹ پہننا زیب نہیں دیتا۔