سینیٹ الیکشن ،الیکشن کمیشن میں کاغذات کی سکروٹنی کے دوران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم کی طبیعت خراب ہوگئی ،طبی امداد کے لئے ایمبولینس کو طلب کر لیا گیا،عبد القیوم کو دوسرے کمرے میں لے جایا گیا جہاں ان کی طبیعت سنبھل گئی ،عبد القیوم نے 12 کروڑ کے اثاثے ظاہر نہیں کئے ،جواب داخل کرائیں، الیکشن کمیشن،میری طبیعت ٹھیک ہے ،کاغذات پر اعتراض کا جواب ضرور دیں گے، عبد القیوم کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 20 فروری 2015 08:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 20فروری۔2015ء)الیکشن کمیشن میں سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات کی سکروٹنی کے دوران مسلم لیگ(ن)کے رہنما لیفٹیننٹ جنرل(ر)عبد القیوم کی طبیعت ناساز ہوگئی ۔طبی امداد کیلئے ایمبولینس کو طلب کر لیا گیا۔جمعرات کے روز الیکشن کمیشن میں سینیٹ الیکشن کیلئے امیدواروں کی سکروٹنی کا عمل جاری تھا کہ اس دوران الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ(ن) کے رہنما لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبد القیوم کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض اٹھایا کہ انہوں نے12 کروڑ روپے اثاثے ظاہر نہیں کئے اس کے لئے جواب داخل کرائیں ۔

(جاری ہے)

اس دوران عبدالقیوم کی طبعیت خراب ہوگئی اور فوری طور پر اسے دوسرے کمرے میں لے جایا گیا اور طبی امداد کے لئے ریسکیو کی ایمبولینس کو طلب کر لیا گیا تاہم کچھ ہی دیر عبدالقیوم کی طبیعت بہتر ہوگئی ۔واضح رہے کہ ن لیگ کے رہنما عبد القیوم دل کے مریض بھی ہیں جس کی وجہ سے ان کی طبیعت ناساز ہوئی ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل(ر)عبد القیوم نے کہا کہ ان کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے میری طبیعت کی خراب ہونے کے حوالے سے خبریں نہ پھیلائی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ میں بالکل ٹھیک ہوں اور الیکشن کمیشن نے میرے کاغذات نامزدگی پر جو اعتراضات اٹھائے ہیں ہم ان کا جواب داخل ضرور کرائیں گے۔