الیکشن کمیشن نے پرویزرشیدراجہ ظفرالحق اور ساجدمیر کے کاغذات نامزدگی پر فیصلہ محفوظ کرلیا، فاٹا کے 21 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ،پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے امیدواروں کے کاغذات منظور ،(ن) لیگ کے امیدوار ظفر اقبال جھگڑا ، راحیلہ مگسی ، چوہدری اشرف گجر اور ایم کیو ایم کے ذوالفقار ایڈووکیٹ کو آج دوبارہ طلب کرلیا ،پیپلز پارٹی کے عمران اشرف اور نرگس فیض ملک کے کاغذات نامزدگی منظور

جمعہ 20 فروری 2015 08:46

اسلام آباد،کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 20فروری۔2015ء) سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے جب کہ حکمراں جماعت کے امیدوار پرویز رشید، راجا ظفرالحق اورپروفیسر ساجد میر کے کاغذات پر اعتراضات لگنے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستا ن نے فیصلہ محفوظ کرلیا جب کہ فاٹا کے 21 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے گئے۔

میڈیارپورٹ کے مطابق سینیٹ کی 52 نشستوں کے لئے 184 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں جن کی جانچ پڑتال کا عمل شروع ہوگیا جوآج جمعہ کے روز تک جاری رہے گا، لاہورمیں الیکشن کمیشن کے دفتر میں امیدوار اپنے تائید اور تجویز کنندگان کے ہمراہ پیش ہوئے جہاں مسلم لیگ (ن) کے 3 امیدواروں کی نامزدگی پر اعتراضات اٹھائے گئے، وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کے کاغذات پر شاہد نامی شخص نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ذاتی استعمال کی اشیا کو اثاثہ جات میں ظاہر نہیں کیا جب کہ ان کے 3 ذاتی بینک اکاوٴنٹس بھی ہیں جن میں سے انہوں ے صرف 2 ظاہر کئے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کے ہی امیدوار پروفیسر ساجد میر کے کاغذات پر قاضی سراج نامی شہری نے دلچسپ اعتراض لگاتے ہوئے کہا کہ ساجد میر کا تعلق بیک وقت دو سیاسی جماعتوں سے ہے، وہ جمعیت اہل حدیث کے سربراہ بھی ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر امیدوار بھی جب کہ وہ خود کو پروفیسر کہلاتے ہیں حالانکہ ایچ ای سی کے مطابق اس کے لئے پی ایچ ڈی ہونا ضروری ہے۔ الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجا ظفرالحق کے کاغذات پر اعتراض لگایا کہ وہ ٹیکنو کریٹ کے معیار پر پورا نہیں اترتے تاہم الیکشن کمیشن نے تینوں امیدواروں کے کاغذات منظور ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

کاغذات کی جانچ پڑتال کے دوران مسلم لیگ (ن) کے امیدوار جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی تاہم کچھ دیر بعد ان کی حالت سنبھل گئی، الیکشن کمیشن نے ثروت ملک، کرن ڈار، عائشہ فاروق، نجمہ حمید، ندیم افضل چن اور شوکت بسرا کے کاغذات درست قرار دے دیئے۔دوسری جانب کراچی میں الیکشن کمیشن کے دفتر میں بھی امیدواروں کی اسکرونٹی کے پہلے روز پیپلز پارٹی کے امیدوار رحمان ملک، سسی پلیجو، فاروق ایچ نائیک، گیان چند، سلیم مانڈوی والا اور شمع مٹھانی کے کاغذات درست قرار دیئے گئے، ایم کیو ایم کے وسیم اختر، بابر غوری، سید امین الحق، بیرسٹر سیف، خوش بخت شجاعت، نگہت مرزا، سید رضا زیدی اور عبدالقادر خانزادہ کے کاغذات منظور کرلئے گئے جب کہ میاں عتیق، تحسین عابدی اور سیما زرین کوآج دوبارہ طلب کرلیا گیا، مسلم لیگ فنکشنل کی جانب سے امام الدین شوقین اور فقیر محمد بخش خاصخیلی کے بھی کاغذات منظور کرلئے گئے ہیں، اسی طرح پشاورالیکشن کمیشن آفس نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور مسلم لیگ ( ن) کے امیدوار صلاح الدین ترمذی کے کاغذات درست قرار دے دیئے گئے۔

ادھر فاٹا کے منیر اورکزئی، حافظ رشید احمد اخون زادہ چٹان، ادریس صافی اور عبد المالک وزیر سمیت 21 امیدواروں کے ٹیکس ریٹرنز کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے گئے تاہم ان امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ اگر وہ آج تک تمام کوائف پورے کرتے ہیں تو ان کے کاغذات کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا جب کہ 12 امیدواروں کے کاغذات منظور کئے گئے جن میں ملک نور اکبر، عباس آفریدی، اورنگزیب خان، محمد دین، تاج محمد آفریدی، ثنا اللہ خان، شاہ محمد، قسمت خان وزیر، ملک نادر خان، محمد طیب، باز گل اور عین الدین شاکر شامل ہیں۔

سینٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل آ ج جمعہ کو بھی جاری رہے گا‘ اسلام آباد اور فاٹا سے سینٹ کے امیدواروں کی سکروٹنی الیکشن کمیشن کے ہیڈکوارٹر میں ہوگی‘ قائم مقام سیکرٹری الیکشن کمیشن اسلام آباد کے امیدواروں کی سکروٹنی کریں گے جبکہ فاٹا سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی ڈائریکٹر جنرل ایڈمن عثمان علی کریں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے راجہ عمران اشرف اور نرگس فیض ملک کے کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کے بعد منظور ، ایم کیو ایم کے ذوالفقار ایڈووکیٹ ،،بسمہ آصف ، شمائلہ کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض لگا کر واپس کردیا ۔ ملک نور اکبر ، عباس آفریدی ، اورنگزیب خان ، محمد دین ، ثناء اللہ خان ، باز گل، محمد طیب ، ملک نادر خان ، عصمت خان وزیر ، عین الدین شاکر ، تاج محمد آفریدی کے کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کے بعد منظور کرلئے گئے ۔

واضح ر ہے کہ آج جمعہ کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ظفر اقبال جھگڑا راحیلہ مگسی ، چوہدری اشرف گجر اور ایم کیو ایم کے ذوالفقار ایڈووکیٹ کو الیکشن کمیشن میں سکروٹنی کیلئے طلب کرلیا ہے الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اعتراض کنندگان امیدوار اعتراض ختم کرکے آج دوبارہ الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی جمع کرواسکتے ہیں سکروٹنی کے وقت امیدواروں کی موجودگی ضروری ہے اور امیدواروں کے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کا حاضر ہونا بھی ضروری ہے بصورت دیگر امیدواروں کے کاغذات مسترد کردئیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد سے 9 جبکہ فاٹا سے 43 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال الیکشن کمیشن میں ہوگی۔ سینٹ کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کے عمل میں الیکشن نے واضح طور پر کہا ہے کہ دس ہزار روپے سے زائد یوٹیلٹی بلز کے نادہندہ ہونے کی صورت میں امیدوار کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوں گے۔ بیس لاکھ سے زائد قرض دہندہ بھی نااہل ہوگا جبکہ سزا یافتہ امیدواروں کے کاغذات بھی مسترد ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ آرٹیکل 62 اور 63 پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔