اسامہ بن لادن اپنی ہلاکت سے قبل القاعدہ کا نام تبدیل کرکے اسے اسلامی شناخت کے قریب تر لانے کے خواہاں تھے‘ القاعدہ کی پہچان دہشت گرد گروپ میں تبدیل ہونے پر سخت فکرمند تھے ،وائٹ ہاؤس

جمعہ 20 فروری 2015 09:10

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 20فروری۔2015ء) وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ اسامہ بن لادن القاعدہ کا نام تبدیل کرکے اسے اسلامی شناخت سے قریب ترین نام دینے کا خواہاں تھے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنسٹ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایبٹ آباد آپریشن سے قبل اسامہ بن لادن القاعدہ کا نام تبدیل کرنے کیلئے غور کررہے تھے اور وہ تنظیم کو اسلامی شناخت کے قریب تر لانے کے خواہاں تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کا انکشاف اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ سے ملنے والی دستاویزات سے ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسامہ ایسا اسلئے کرنا چاہتے تھے کہ گروپ کو اسلامی شناخت دے کر وہ تنظیم میں زیادہ سے زیادہ افراد کو بھرتی کرنے میں آسانی پیدا کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دستاویزات سے واضح ہوا ہے کہ اسامہ بن لادن القاعدہ کی پہچان دہشت گرد گروپ میں تبدیل ہونے پر سخت فکرمند تھے۔