منتخب عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں عوامی مسائل حل کرنے پر مزید توجہ دیں،گورنر سندھ،اس ضمن میں علاقائی سطح پر کمیٹیاں بنائی جائیں جو بزرگوں ، تعلیم یافتہ اور ہنر مند افراد پر مشتمل ہو، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے خطاب

جمعرات 19 فروری 2015 08:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 19فروری۔2015ء)گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ منتخب عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں عوامی مسائل حل کرنے پر مزید توجہ دیں اس ضمن میں علاقائی سطح پر کمیٹیاں بنائی جائیں جو بزرگوں ، تعلیم یافتہ اور ہنر مند افراد پر مشتمل ہو کمیٹی علاقے سے منتخب ہونے والے قومی و صوبائی اسمبلی اراکین کو علاقوں میں درپیش مسائل سے آگاہ کریں اور منتخب اراکین کی ذمہ داری ہے کہ ان مسائل کے فوری حل کے لئے متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے انہیں حل کرائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں کراچی بشمول سندھ کے دیگر شہروں حیدرآباد ، سکھر اور میر پور خاص کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے خطاب میں کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ جب تک نچلی سطح تک مسائل تیزی سے حل نہیں کئے جائیں گے تو اس سے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا رہے گا ضرورت اس امر کی ہے تمام معاملات کو نچلی سطح پر حل کرنے کا ایسا مکینزم بنایا جائے جس پر عوام کا بھرپور اعتما د ہو ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم ، صحت ، انفرااسٹرکچر ، صفائی ستھرائی ، ترقیاتی امور سمیت دیگر معاملات پر ترجیحی بنیادوں پر کام کئے جائیں جبکہ مزید بہتری کے لئے تجاویز بھی لی جائیں صوبائی حکومت سے متعلق ایسے امور جن کے حل کے لئے میری ضرورت پیش آتی ہو مجھے بتایا جائے ہمارا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے ۔ گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام سے زیادہ سے زیادہ رابطے میں رہیں اور ان کے مسائل کے بارے میں بھی وقتاً فوقتاً آگاہی لی جائے خصوصاً سیکیورٹی کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ پاک افواج ملک میں دہشت گردوں کے خلاف نمبر آزما ہے ہمیں بھی چاہئے کہ ہم اپنی ذ مہ داریوں کو سمجھتے ہوئے اپنی گرد و نواح پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی ایسی صورتحال پر جو مشکو ک ہو تو اس کی اطلاع قانون نا فذ کرنے والے اداروں کے ایمرجنسی نمبرز پر دیں ۔