پولیس کو سپیکر اتارنے کے کام پر لگاکر دہشت گردوں کو کھلی چھٹی دے دی گئی،ڈاکٹرطاہر القادری،پیشگی اطلاع کے باوجود دہشتگرد ی کی کارروائی نہ روک سکنا حکومت کی نا اہلی ہے،لاہور دہشت گردی کی مذمت،صوبہ کا چیف ایگزیکٹو فیصلہ کرے اس نے کاروباری ڈیلیں کرنی ہیں یا صوبہ چلاناہے ؟ٹیلی فون پر گفتگو

بدھ 18 فروری 2015 08:29

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 18فروری۔2015ء)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے لاہور پولیس لائنز کے سامنے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی دن نہیں جاتا کہ قوم دہشت گردی کے زخم نہ سہتی ہو ۔16دسمبر کے بعد 3صوبوں میں یکے بعد دیگرے دہشت گردی کی کارروائیاں کرکے دہشت گردوں کے پیغام دیاہے کہ وہ جب چاہیں اور جہاں چاہیں خون کی ہولی کھیل سکتے ہیں ۔

پیشگی اطلاع کے باوجود دہشت گری کی کارروائی کو نہ روک سکنا پنجاب حکومت کی ناکامی اور نا اہلی ہے ۔پولیس کو آئمہ مساجد گرفتار کرنے اور سپیکر اتارنے کے کام پر لگا کر دہشت گردوں کو کھلی چھٹی دی گئی ۔صوبے کا چیف ایگزیکٹو فیصلہ کرے کہ اس نے کاروباری ڈیلیں کرنی ہیں یا صوبہ چلانا ہے ۔

(جاری ہے)

صرف فوج دہشت گردوں کے خلاف لڑ رہی ہے وفاقی اور صوبائی حکومتیں سیاسی تماشوں میں مصروف ہیں ۔

انہوں نے سنیئر رہنماؤں سے ٹیلی فون پر گفتگو کرت ہوئے کہاکہ جب تک یہ نا اہل حکمران مسلط رہیں گے دہشت گردی ختم نہیں ہو گی ،انہوں نے کہا کہ لاہور میں دہشت گردی کے واقعہ نے پولیس کے ناکوں اور پنجاب حکومت کی فول پروف سیکیورٹی کے دعوؤں کو بے نقاب کر دیا ۔حکمران قومی ایکشن پلان کو ناکام بنانے کے ایجنڈے پر ہیں ۔انہوں نے پولیس لائنزکے سامنے دہشت گردی کی واردات پر اپنے شدید ردعمل میں کہا کہ جو پولیس اپنے گھر کی حفاظت نہیں کر سکتی وہ عوام کو کیا تحفظ دے گی ۔

انہوں نے پنجاب حکومت کے وزیروں مشیروں کے اس موقف کہ دہشت گرد ہدف تک نہیں پہنچ سکے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہاکہ بے گناہ شہری موت کے منہ میں چلے گئے اور کونسا ہدف تھا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور اس کے ماتحت کام کرنے والے ادارے اپنا کام کر رہے ہوتے تو دہشت گردوں کو انکی پناہ گاہوں کے اندر واصل جہنم کیا جاتا ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ آرمی چیف اس کی تحقیق کریں کہ پیشگی اطلاع کے باوجود صوبائی حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری کیوں نہیں کی ۔

متعلقہ عنوان :