دہشتگردی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے ایشیائی و افریقی ملکوں کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی، پاکستان ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہے،صدر ممنون حسین

منگل 17 فروری 2015 09:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 17فروری۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے ایشیائی اور افریقی ملکوں کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی، اس سلسلے میں پاکستان ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہے۔ افریقی ممالک کے سفیروں سے گفتگو میں صدر مملکت کا کہناتھاکہ پاکستان افریقہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور انھیں مزید مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔

صدر نے کہا کہ افریقی ممالک کے ساتھ اقتصادی تعاون کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس مقصد کیلئے بزنس وفود کے تبادلے بہت اہم ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور افریقی ملکوں کو صنعت و تجارت اور ثقافتی شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔علاوہ ازیں صدر مملکت ممنون حسین سے ترکی کے سفیر صادق بابر گرگن نے بھی ملاقات کی اور ترک صدر کی جانب سے تاریخی جنگ چناکلی کی صد سالہ تقریبات میں شرکت کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

صدر نے ان سے بات چیت میں کہا کہ ترکی پاکستان کا برادر ملک ہے، دونوں ممالک کی عوام میں باہمی ابدی پیار ہے۔دریں اثناء صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کو اس کے مشن اور مقاصد کے حصول کیلئے ہر طرح مدد فراہم کرے گی۔ صدر مملکت یہ بات پاکستان گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کی نومنتخب نیشنل کمشنر سینٹر محترمہ نزہت صادق سے بات چیت کے دوران کہی جنھوں نے پیر کو ان سے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی

متعلقہ عنوان :