کراچی پاکستان کی معیشت میں اہم کردار رکھتا ہے ، سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر یہاں امن کا قیام ناگزیر ہے ،جنرل راحیل شریف،سیاسی ، مذہبی ، لسانی اور فرقہ ورانہ امتیاز کے بغیر شفاف آپریشن ناگزیر ہے ، رینجرز نے کراچی میں پائیدار امن اور استحکام کا ماحول پیدا کیا ہے جس سے فائدہ اٹھایا جانا چاہیے ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان قریبی رابطے کی ضرورت ہے ، پولیس کو سیاست سے پاک ہونا چاہیے ، تقرریوں اور تبادلو ں میں کسی قسم کی مداخلت نہیں ہونی چاہیے،چیف آف آرمی سٹاف کا کراچی میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

منگل 17 فروری 2015 09:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 17فروری۔2015ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کی معیشت میں اہم کردار رکھتا ہے ، سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر یہاں امن کا قیام ناگزیر ہے ،سیاسی ، مذہبی ، لسانی اور فرقہ ورانہ امتیاز کے بغیر شفاف آپریشن ناگزیر ہے ، رینجرز نے کراچی میں پائیدار امن اور استحکام کا ماحول پیدا کیا ہے جس سے فائدہ اٹھایا جانا چاہیے ،وہ پیر کو یہاں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اظہار خیال کررہے تھے ۔

آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم باجوہ کی طرف سے بھیجے گئے ٹویٹ کے مطابق آرمی چیف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان قریبی رابطے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو سیاست سے پاک ہونا چاہیے ، تقرریوں اور تبادلو ں میں کسی قسم کی مداخلت نہیں ہونی چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جرائم سے ہر قسم کی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر نمٹا جائے ۔

وسیع البنیاد اتفاق رائے اور ہم آہنگی ترقی کیلئے ناگزیر ہیں ۔ آرمی چیف نے کہا کہ خلوص کے ساتھ شفاف کارروائیاں ہونی چاہئیں رینجرز نے پائیدار امن اور استحکام قائم کیا ہے جس سے فائدہ اٹھایا جانا چاہیے اور اس کے نتیجے میں کراچی میں پائیدار امن قائم ہوگا ۔ آرمی چیف نے کراچی کور کا بھی دورہ کیا جہاں کور کمانڈر نے انہیں کراچی میں جاری آپریشن اور قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کی صورتحال سے آگاہ کیا جنہیں آرمی چیف نے سراہا ۔ اس موقع پر ڈی جی رینجرز نے آرمی چیف کو وہ اسلحہ بھی دکھایا جو سکیورٹی اداروں کی مختلف کارروائیوں کے دوران قبضے میں لیا گیا ہے ۔