بھارت سے بامعنی اور سنجیدہ مذاکرات کے خواہاں ہیں، سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات میں پاکستان میں بھارتی مداخلت بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگی،سرتاج عزیز ،بھارتی سیکرٹری خارجہ سے مذاکرات کو نتیجہ خیزکہنا قبل از وقت ہوگا، خواہش ہے کہ ہمسایہ ممالک سے تعلقات اچھے ہوں تاہم یہ بات واضح ہے کہ کشمیر کے مسئلے کو شامل کئے بغیر کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے،وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کا انٹرویو

پیر 16 فروری 2015 09:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 16فروری۔2015ء)وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے بھارت کے ساتھ بامعنی اور سنجیدہ مذاکرات پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات میں پاکستان میں بھارتی مداخلت بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگی،بھارتی سیکرٹری خارجہ سے مذاکرات کو نتیجہ خیزکہنا قبل از وقت ہوگا، خواہش ہے کہ ہمسایہ ممالک سے تعلقات اچھے ہوں تاہم یہ بات واضح ہے کہ کشمیر کے مسئلے کو شامل کئے بغیر کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

ا توار کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے بھارتی سیکرٹری خارجہ کے دورے کے حوالے سے فون پر آگاہ کیا۔ بھارت سیکرٹری خارجہ کا دورہ مثبت پیشرفت ہوگا۔ لائن آف کنٹرول پر فائرنگ سے بے گناہ لوگ مارے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت سے مذاکرات میں ایل او سی‘ کشمیر‘ سیاچن اور سرکریک سمیت تمام متنازعہ امور پر بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر اوباما اور دیگر ممالک نے نریندر مودی کو ترغیب دی کہ مذاکرات کا راستہ معطل نہیں ہونا چاہئے۔

بھارتی سیکرٹری خارجہ سے مذاکرات کو نتیجہ خیزکہنا قبل از وقت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام مسائل کے حل کے لیے بامعنی اور سنجیدہ مذاکرات چاہتا ہے جب کہ عالمی برادری بھی دونوں ممالک پر زور دے رہی ہے کہ وہ مذاکراتی عمل میں پیش رفت کریں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور دیگر ممالک تسلیم کرتے ہیں کہ بھارت نے گزشتہ سال خارجہ سیکریٹری سطح کے مذاکرات کو یکطرفہ طور پر ختم کرکے اچھا نہیں کیا تھا جب کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات میں سرکریک اور سیاچن کے مسائل پر پہلے ہی پیش رفت ہوچکی ہے اور اب سیکریٹری سطح کے مذاکرات میں پاکستان میں بھارتی مداخلت بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگی، ہم نے واضح کیا ہوا ہے کہ کشمیر کے مسئلے کو شامل کئے بغیر کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

ہماری خواہش ہے کہ جس طرح افغانستان سے تعلقات میں بہتری آئی ہے اسی طرح بھارت سے تعلقات میں بھی بہتری آئے۔