آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ اختلافات کی باتیں صرف مفروضہ ہیں، سینیٹر عبدالرحمن ملک ، ذوالفقار مرزا میری منہ بولی بہن کے شوہر ہیں، ان کے حوالے سے کوئی کمنٹس نہیں دوں گا۔ ذوالفقار مرزا کول رہیں۔ اگر غصہ ہے تو ٹھنڈا پانی پئیں،سیاسی جرگہ چاہتا ہے کہ وفاقی حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان معاملات جلد طے پاجائیں گے اور اختلافات ختم ہوجائیں۔ اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، سابق وزیر داخلہ

پیر 16 فروری 2015 08:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 16فروری۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر عبدالرحمن ملک نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ اختلافات کی باتیں صرف مفروضہ ہیں۔ ذوالفقار مرزا میری منہ بولی بہن کے شوہر ہیں، ان کے حوالے سے کوئی کمنٹس نہیں دوں گا۔ ذوالفقار مرزا کول رہیں۔

اگر غصہ ہے تو ٹھنڈا پانی پئیں۔ سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی جوائنٹ انوسٹی گیشن رپورٹ آئی ہے۔ ابھی جوائنٹ انٹروگیشن رپورٹ آنا باقی ہے۔ سیاسی جرگہ چاہتا ہے کہ وفاقی حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان معاملات جلد طے پاجائیں گے اور اختلافات ختم ہوجائیں۔ اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ سیاسی جرگہ قوم کی امیدوں پر پورا اترے گا۔

(جاری ہے)

وہ اتوار کو مقامی ہوٹل میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔

عبدالرحمن ملک نے کہا کہ سیاسی جرگہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان ڈیڈ لاک ختم کرانے کے لئے بات چیت کررہا ہے۔ پی ٹی آئی کی قیادت نے جوڈیشل کمیشن کے قیام پر سیاسی جرگہ کے طے کردہ فارمولے کو قبول کرلیا ہے۔ اب جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے کہا ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے بات کریں تاکہ یہ معاملہ حل ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف افغان پلان پر عمل درآمد شروع ہوچکا ہے۔

جلد اس حوالے سے تفصیلات بتاؤں گا۔ آنے والے دنوں میں مزید حالات خراب ہوسکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو میں کوئی اختلافات نہیں ہیں اور امین فہیم بھی پارٹی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں۔ سینیٹ انتخابات کے لئے ٹکٹوں کے حوالے سے ان سے مکمل مشاورت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان کوئی ڈیل نہیں ہوئی۔

ہمارے درمیان بھائی چارہ ہے۔ سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس کیس کی ابھی صرف جے آئی ٹی رپورٹ آئی ہے جوائنٹ انٹروگیشن رپورٹ آنا ابھی باقی ہے۔ رپورٹ آنے کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں کون ملوث ہے۔ افغان پلان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ افغان پلان کے پیچھے کون ملوث ہے ۔ جلد بتاؤں گا۔

افغان صدر سن لے کہ ہمارے گھروں میں آگ لگی ہوئی ہے۔ اگر یہ آگ ریورس ہوئی تو پھر کیا ہوگا۔ ذوالفقار مرزا کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ میری منہ بولی بہن کے شوہر ہیں۔ ان کے حوالے سے کوئی کمنٹس نہیں دوں گا۔ انہوں نے ذوالفقار مرزا کو مشورہ دیا کہ وہ کول رہیں اگر غصہ ہیں تو ٹھنڈا پانی پی لیں۔ غصہ کم نہ ہو تو بیٹھ جائیں ورنہ پھر لیٹ جائیں۔ میرے مشورے پر عمل کریں گے تو ان کا غصہ ٹھنڈا ہوگا۔