ورلڈ کپ،مارش کی عمدہ بولنگ، آسٹریلیا 111 رنز سے فتح یاب، آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 111 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کردیا، آسٹریلیا نے انگلینڈ کو فتح کے لیے 343 رنز کا ہدف دیا ، انگلش ٹیم 42 ویں اوور میں 231 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی،مچل مارش کی شاٹ پچ گیندوں کا انگلش بلے بازوں کے پاس کوئی جواب نہ تھا

اتوار 15 فروری 2015 08:37

میلبرن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 15فروری۔2015ء )آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 111 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا ہے۔آسٹریلیا نے انگلینڈ کو فتح کے لیے 343 رنز کا ہدف دیا مگر انگلش ٹیم 42 ویں اوور میں 231 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔ یلبرن میں ہونے والے میچ میں جیمز ٹیلر انگلش اننگز میں واحد قابلِ ذکر بلے باز رہے۔انھوں نے 98 رنز کی عمدہ اور ناقابلِ شکست اننگز کھیلی لیکن دوسرے اینڈ پر سوائے کرس ووکس کے ان کا ساتھ کوئی نہیں دے سکا ہے جنھوں نے 37 رنز بنائے۔

انگلینڈ کے ٹاپ اور مڈل آرڈر کی ناکامی اور 92 کے مجموعی سکور پر چھ وکٹیں گرنے کے بعد ووکس اور ٹیلر کے درمیان 92 رنز ہی کی اہم شراکت ہوئی۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش نے عمدہ بولنگ کی اور ان چھ میں سے پانچ انگلش بلے بازوں کو پویلین میں پہنچایا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو آسٹریلیا نے ایرون فنچ اور گلین میکسویل کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت نو وکٹوں پر 342 رنز بنا ڈالے۔

آسٹریلوی اوپنرز ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور سات اوور میں ہی 50 رنز بنا دیے۔ایرون فنچ نے ورلڈ کپ 2015 کی پہلی سنچری بنائی۔57 کے مجموعی سکور پر وارنر کے آوٴٹ ہونے کے بعد بھی فنچ کا بلا رنز اگلتا رہا اور انھوں نے ورلڈ کپ 2015 کی پہلی سنچری بنائی۔وہ 135 رنز بنانے کے بعد آوٴٹ ہوئے اور انھوں نے جارج بیلی کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کے لیے 146 رنز کی شراکت قائم کی۔

فنچ کے جانے کے بعد کپتان بیلی نے بھی نصف سنچری مکمل کی لیکن آسٹریلیا کو اس بڑے سکور تک پہنچانے میں انتہائی اہم کردار گلین میکسویل نے ادا کیا۔چھٹے نمبر پر بلے بازی کے لیے آنے والے میکسویل نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے نو چوکوں کی مدد سے 30 گیندوں پر نصف سنچری بنائی۔وہ 40 گیندوں پر 66 رنز بنانے کے بعد آوٴٹ ہوئے جبکہ بریڈ ہیڈن نے 14 گیندوں پر 31 رنز بنائے۔

انگلینڈ کے لیے سٹیون فن نے پانچ، براڈ نے دو جبکہ ووکس نے ایک وکٹ لی جبکہ ایک کھلاڑی رن آوٴٹ ہوا۔سٹیون فن نے دس اوور میں 71 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لیں جس میں ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی ،انگلینڈ کے بولر سٹیون فن نے اننگز کی آخری تین گیندوں پر ہیڈن، میکسویل اور جانسن کو کیچ آوٴٹ کروا کے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔وہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ کارنامہ سرانجام دینے والے دنیا کے ساتویں اور انگلینڈ کے پہلے بولر ہیں۔

ورلڈ کپ میں اب تک آٹھ مرتبہ ہیٹ ٹرک کی گئی ہے اور سری لنکا کے لستھ ملنگا نے دو مرتبہ یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے۔آسٹریلیا کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ کی کامیاب ترین ٹیم ہے اور وہ ماضی میں 1987، 1999، 2003 اور 2007 میں یہ ٹورنامنٹ جیت چکی ہے۔ورلڈ کپ مقابلوں میں انگلینڈ کی کارکردگی خاص نہیں رہی اور وہ صرف ایک مرتبہ 1992 میں فائنل میں پہنچی تھی جہاں پاکستان نے اسے شکست دی تھی۔۔

متعلقہ عنوان :