آرمی چیف کی والدہ کی نماز جنازہ چکلالہ میں ادا کردی گئی ، آرمی چیف ،صدر ،خواجہ آصف،چوہدری نثار ،سرتاج عزیز ،جنرل راشد محمود،ایئر چیف، نیول چیف،صدراور وزیراعظم آزاد کشمیر سمیت سیاسی و عسکری قیادت کی شرکت

اتوار 15 فروری 2015 10:01

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 15فروری۔2015ء)چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی والدہ کی نماز جنازہ چکلالہ چھاؤنی میں ادا کر دی گئی جس میں صدر مملکت ممنون حسین،وفاقی وزراء، مسلح افواج کے سربراہوں ،صدر آزادکشمیر اور دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں ۔ہفتہ کے روز آرمی چیف کی والدہ حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئی تھیں ۔نماز جنازہ میں شرکت کرنے والوں میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل راشد محمود،ائیر چیف طاہر رفیق بٹ،نیول چیف ایڈمرل ذکاء اللہ ،وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان،وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز ،وزیر خزانہ اسحاق ڈار،وفاقی وزیر عبد القادربلوچ،صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب ،وزیر اعظم آزاد کشمیر عبد المجید ،گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ،ایم کیو ایم کے رہنما عبدالرشیدگوڈیل ،سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی ،راجہ پرویز اشرف اور میرظفراللہ جماعت سمیت سیاسی و عسکری قائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان رہنماؤں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے فرداً فرداً ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت بھی کی۔ مرحومہ میجر محمد شریف کی اہلیہ،شہید میجر شبیرشریف ،آرمی چیف اور ستارہ بسالت کیپٹن ممتاز شریف کی والدہ تھیں۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی والدہ اور میجر محمد شریف (مرحوم) کی اہلیہ انتقال کر گئیں،آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی والدہ کافی عرضہ سے عارضہ قلب میں مبتلا تھیں اور اے ایف آئی سی راولپنڈی ہسپتال میں زیر اعلاج تھیں انہیں ہفتہ کو علی الصبح دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

مرحومہ کی نماز جنازہ 2 بجے چکلالہ میں ادا کی جائے گی جبکہ مرحومہ کی تدفین نماز عصر کیولری گراؤنڈ لاہور میں کی جائے گی۔مرحومہ کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت تین بیٹے تھے ۔جن میں نشان حیدر ستارہ جرات میجر شبیر شریف شہید اورستارہ بسالت کیپٹن ممتاز شریف شہید شامل ہیں جبکہ مرحومہ کے شوہر میجر محمد شریف (مرحوم) بھی پاک فوج میں اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

صدر ممنون حسین وزیر اعظم محمد نواز شریف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی والدہ کی وفات پر اظہار افسوس کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کی وفات پر لواحقین کو صبروجمیل عطاء فرمائے اور اللہ تعالی مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ عطاء فرمائے (آمین)۔۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف،ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین،گورنر سندھ عشرت العباد،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن،جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق،مسلم لیگ(ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین،چوہدری پرویز الٰہی،اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی،وزیراعلیٰ بلوچستان عبد المالک،پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ،حزب اختلاف خورشید شاہ ،سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی ،چیئرمین سینیٹ و ڈپٹی چیئرمین سینٹ اور دیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے آرمی چیف کی والدہ کی وفات پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ عطاء فرمائے اور لواحقین کو صبر وجمیل عطاء فرمائے۔