بغل میں چھری منہ میں رام رام ، بھارتی وزیر اعظم کے فون کے بعدایل او سی کی دوبارہ خلاف ورزی ،راولا کوٹ سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ،ایک شہری شہید،پاکستانی رینجرز کی بھر پورجوابی کارروائی ،بھارتی گنیں خاموش ہوگئیں،بھارتی فورسز کی پھر چارواہ سیکٹر بلا اشتعال فائرنگ،چناب رینجرز کی بھرپور جوابی کارروائی بھارتی توپوں کو خاموش کرادیا ، پاکستان کا سیز فائر کی خلاف ورزی اور پاکستانی شہری کی شہادت پر بھارت سے شدید احتجاج ،بھارت اپنی فورسز کو سرحدی خلاف ورزیوں سے باز رکھے،دفتر خارجہ کا بیان

اتوار 15 فروری 2015 09:57

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 15فروری۔2015ء)بھارت کی جانب سے ایک بار پھر سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے راولا کوٹ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے ایک شہری شہید ہوگیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہفتہ کے روز بھارتی فوج نے ایل او سی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے راولا کوٹ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی جس پر پاکستانی رینجرز نے بھارتی فائرنگ کا بھر پور جواب دیا جس سے دشمن کی گنیں خاموش ہوگئیں،آئی ایس پی آرنے مزید بتایا کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے راولا کوٹ سیکٹر کے گاؤں پولاس کا 60 سالہ محمد اسلم شہید ہوگیا ہے۔

ادھربھارتی فورسز کی ایک بار پھر چارواہ سیکٹر پر پاکستانی علاقے میں بلا اشتعال فائرنگ،چناب رینجرز نے بھرپور جوابی کارروائی کرکے بھارتی توپوں کو خاموش ہونے پر مجبور کردیا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کی شام بھارتی مسلح افواج نے ایک مرتبہ پھر کنٹرول لائن پر سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی اور چارواہ سیکٹر پر پاکستانی حدود میں آبادی کو نشانہ بنایا تاہم چناب رینجرز کے جوانوں نے بھارتی حملے کا بھرپور جواب دیا،جس سے بھارتی گنیں خاموشی پر مجبور ہوگئیں،حملے میں کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔

دوسری جانب پاکستان نے سیز فائر کی خلاف ورزی اور پاکستانی شہری کی شہادت پر بھارت سے شدید احتجاج کیا،حکومت نے شہید محمد اسلم کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان نے کنٹرول لائن پر سیزفائر کی خلاف ورزی اور راولاکوٹ کے60سالہ شہری محمد اسلم کی شہادت پر شدید احتجاج کیا،پاکستان نے بھارت سے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنی فورسز کو سرحدی خلاف ورزیوں سے باز رکھے،محمد اسلم پاکستانی حدود کے 150میٹر اندرگھاس کاٹ رہا تھا جسے بھارتی فورسز نے نشانہ بنایا،وفاقی حکومت نے محمد اسلم کے لواحقین سے بھی اظہار تعزیت کیا اور شہید کے لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی