سینیٹ الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے اتحاد کا اعلان ،ملک نہایت نازک دور سے گزر رہا ہے، حب الوطنی اور مفاہمت وقت کا تقاضا ہے: ودھری ظہیر الدین کی مسلم لیگ ہاؤس میں مشترکہ پریس کانفرنس ،مسلم لیگ کی حمایت ٹرننگ پوائنٹ ہو گی، آئندہ یہ اتحاد مزید مضبوط ہو گا، چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی کے مشکور ہیں: منظور وٹو

جمعہ 13 فروری 2015 08:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 13فروری۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے عہدیداروں و ارکان صوبائی اسمبلی کی یہاں مسلم لیگ ہاؤس میں پرہجوم مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری ظہیرالدین جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ پنجاب نے پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے سینیٹ انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی کی حمایت کا باضابطہ اعلان کیا۔

انہوں نے میاں منظور وٹو صوبائی صدر پاکستان پیپلزپارٹی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک اس وقت انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے، حب الوطنی اور مفاہمت وقت کا تقاضا ہے، ایسے حالات میں سینیٹ کے انتخابات منعقد ہو رہے ہیں اور سینیٹ قانون سازی کا اہم ادارہ ہے، پاکستان مسلم لیگ سینیٹ کے ان انتخابات میں پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کرتی ہے۔

(جاری ہے)

اس اعلان کے بعد جنرل سیٹ پر ندیم افضل چن، خواتین کی نشست پر ثروت خالد ملک، ٹیکنو کریٹ سیٹ پر ملک نوشیرخان انجم لنگڑیال دونوں پارٹیوں کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔ میاں منظور احمد وٹو نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی سمیت پارٹی کی تمام قیادت کا سینیٹ انتخابات میں حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چودھری شجاعت حسین سے قبل ازیں ملاقات کر کے باہم مل کر چلنے کی درخواست کی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا اور مسلم لیگ کا اتحاد انشاء اللہ آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گا اور مزید مضبوط ہو گا۔ انہوں نے مسلم لیگ کے ارکان صوبائی اسمبلی کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی یہ سپورٹ ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہو گی، سیاست میں یہ نئی بات نہیں پچھلے دور میں بھی ہم اکٹھے رہے ہیں، ہمارے تعلقات و رابطے ہیں اور ہم نے آئندہ دنوں میں بھی مل کر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی کی نشستیں ن لیگ سے زیادہ ہوں گی اور ہماری سینیٹ میں واضح اکثریت ہو گی جو قومی معاملات میں موٴثر کردار ادا کرے گی۔ اس سے قبل میاں منظور احمد وٹو اور پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کا مسلم لیگ ہاؤس پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ چودھری ظہیر الدین، ارکان صوبائی اسمبلی عامر سلطان چیمہ، سردار وقاص حسن موکل، پیر احمد شاہ کھگہ، خدیجہ عمر فاروقی، آمنہ الفت، ناصر رمضان گجر سمیت مسلم لیگی عہدیداروں اور پیپلزپارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر قاضی سعید ایم پی اے، خرم جہانگیر وٹو ایم پی اے، میجر ذوالفقار گوندل اور پیپلزپارٹی کے دیگر عہدیداروں نے بھی پریس کانفرنس میں شرکت کی۔