سینیٹ الیکشن کی ٹکٹ نہ ملنے پر پیر صابر شاہ اعلیٰ قیادت سے ناراض ،مسلم لیگ (ن) کی صوبائی صدارت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ ،گورنر خیبر پختونخواہ اور ن لیگ کے رہنما منانے کیلئے سرگرم،نواز شریف سے کسی قسم کے کوئی اختلافا ت نہیں ،ان کیساتھ کھڑے ہوں،پیر صابر شاہ،خیبر پختونخواہ کے صوبائی صدر کی حیثیت سے مضبوط امیدوار تھا اور سینیٹ الیکشن کیلئے ٹکٹ ملنے کیلئے پرامید تھا،کورنگ امیدوار کیلئے سینیٹ کا ٹکٹ ملنا اعزاز ہے ،کاغذات ضرور جمع کراؤں گا،30 سال مسلم لیگ(ن) کیساتھ گزارے ہیں ،یہ میری اپنی جماعت ہے ،میڈیا سے گفتگو

جمعہ 13 فروری 2015 09:18

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 13فروری۔2015ء )خیبر پختونخواہ میں مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر پیر صابر شاہ نے سینیٹ الیکشن کا ٹکٹ نہ ملنے پر عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز خیبر پختونخواہ کے صوبائی صدر پیر صابر شاہ نے سینیٹ الیکشن کے لئے ٹکٹ نہ ملنے پر اعلیٰ قیادت سے ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور خیبر پختونخواہ میں مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ گورنر خیبر پختونخواہ مہتاب احمد خان عباسی اور دیگر مسلم لیگ (ن) کے سرگرم رہنماؤں نے پیر صابر شاہ کو منانے کے لئے کوششیں جاری کر دیں۔

پیر صابر شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف سے کوئی اختلافات نہیں ہیں ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اور ہمیشہ مسلم لیگ(ن) کے ساتھ رہیں گے ۔

(جاری ہے)

سینیٹ ٹکٹ برائے کورنگ امید وار اعزاز کی بات ہے کاغذات ضرور جمع کراؤں گا لیکن بطور صوبائی صدر جمع نہیں کراؤں گا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) میری جماعت ہے اور ن لیگ کے ساتھ میرا خاندانی تعلق ہے،میں نے اپنی زندگی کے 30 سال مسلم لیگ (ن) کے ساتھ گزارے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ ٹکٹ اور سیاسی عہدہ میرے لئے کوئی حیثیت نہیں ہے یہ وقت میرے لئے امتحان کی کیفیت ہے۔پیر صابرشاہ نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے صوبائی صدر کی حیثیت سے مضبوط امیدوار تھا اور پرامید تھے کہ سینیٹ الیکشن کیلئے ٹکٹ مل جائیگا لیکن مسلم لیگ (ن) کی اعلی قیادت کی جانب سے کورنگ امیدوار کی حیثیت سے ٹکٹ دیا گیا ہے جو کہ صوبائی صدر کی حیثیت سے عہدے کی تذلیل ہے ۔انہوں نے کہا کہ میرے نواز شریف کے ساتھ کسی قسم کے کوئی اختلاف نہیں ہیں ۔سینیٹ میں بطور کورنگ امیدوار کی حیثیت کاغذات جمع کراؤں گا۔