ورلڈ باکسنگ کونسل نے کونسل کے 166ویں رکن ملک کی حیثیت سے پاکستان کی ورلڈ باکسنگ کونسل میں شمولیت کی منظوری دیدی

جمعرات 12 فروری 2015 08:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12فروری۔2015ء) دنیا کے 165ممالک کی باکسنگ تنظیموں پر مشتمل عالمی ادارے ورلڈ باکسنگ کونسل نے ورلڈباکسنگ کونسل کے 166ویں رکن ملک کی حیثیت سے پاکستان کی ورلڈ باکسنگ کونسل میں شمولیت کی منظوری دے دی ہے - اس اقدام کے بعد پاکستان کو ایشین باکسنگ کونسل کے رکن کی حیثیت بھی حاصل ہوگئی ہے،یہ اعلان ورلڈ باکسنگ کونسل کے صدر ماریسیوسلیمان (MaricioSuleman)نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں پنجاب کے وزیرتعلیم و کھیل رانا مشہود احمد خاں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا-برادراسلامی ملک تیونس سے تعلق رکھنے والے ورلڈ باکسنگ کونسل کے صدر ماریسیوسلیمان آج پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014 ء کی کلوزنگ تقریبات میں شرکت کے لئے لاہور پہنچے ہیں - 14فروری کو منعقد ہونے والی ان خصوصی تقریبات میں پنجاب یوتھ فیسٹیول کے دوران کھیلوں کے 31ایونٹس میں گینزورلڈ ریکارڈز قائم کرنے والے قابل فخر پاکستانی نوجوانوں کو ان کے اس اعزازکے اعتراف میں گینز ورلڈ ریکارڈزکی جانب سے باقاعدہ سرٹیفٹکیٹس جاری کئے جائیں گے-رانا مشہود احمد خاں نے اس موقع پر بتایا کہ ورلڈ باکسنگ کونسل کے نائب صدر البرٹوگوئرا ،جان کارلوسانتیزاور لوزیانا پلانوسمیت ورلڈ باکسنگ کونسل کے دیگر سینئر عہدیداروں پر مشتمل وفد اگلے ایک دو دن میں لاہور پہنچ جائے گا جن کی آمد پر سپورٹس بورڈ پنجاب اورورلڈ باکسنگ کونسل کے مابین باہمی تعاون کے معاہدے کی تقریب بھی منعقد ہوگی-انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو باکسنگ میں عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنے کے لئے لاہور میں باکسنگ اکیڈمی کے قیام میں پاکستانی نژاد شہرہ آفاق برطانوی باکسر عامر خان کے بھرپور تعاون کے ساتھ ساتھ سپورٹس بورڈ پنجاب کو ورلڈ باکسنگ کونسل کا تکنیکی تعاون بھی حاصل ہوگیا ہے-انشاء اللہ اسی سال گرمیوں کے موسم میں ورلڈ باکسنگ کونسل کی سپریم کونسل کا اجلاس پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شیڈول کرلیا گیا ہے -ورلڈباکسنگ کونسل لاہور میں نیشنل ایمچورباکسنگ چیمپئن شپ ، یوتھ باکسنگ چیمپئن شپ ، خواتین کی باکسنگ چیمپئن شپ اور اس کے بعد مرحلہ وار کانٹی نینٹل باکسنگ باؤٹس کرائے گی اور وہ دن جلد آئے گا جب ورلڈ باکسنگ کونسل کے تکنیکی تعاون سے ہم اس قابل ہوجائیں گے کہ پاکستان میں ورلڈہیوی ویٹ باکسنگ ٹائٹل کے لئے مقابلوں کا انعقاد بھی ممکن ہوگا-رانا مشہود احمدخاں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب سنگاپور کی حکومت کے تعاون سے ہربنس پورہ لاہور میں ”سپورٹس سٹی“ کے قیام کے حوالے سے تعاون کے معاہدے کی تفصیلات کو بھی حتمی شکل دے دی ہے اور اس سلسلے میں باقاعدہ معاہدے پر دستخطوں کی تقریب جلد منعقد ہوگی، ورلڈ باکسنگ کونسل کے صدر ماریسیوسلیمان (MaricioSuleman)نے اس موقع پر پاکستان کے نوجوانوں میں کھیلوں کے بے مثال پوٹینشل کو برملا تسلیم کیا اور کہا کہ ان کے خیال میں پاکستانی قوم میکسیکوکی طرح محنتی ، جفا کشن اور سخت کوش لوگوں کی قوم ہے اور اس قوم کے نوجوان کچھ کرگزرنے کی لگن رکھتے ہیں-انہوں نے اس بات کو کھیلوں سے محبت کرنے والے تمام ممالک کے لئے قابل تقلید اور قابل رشک قرار دیا کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے نوجوانوں نے گزشتہ سال 40لاکھ کی تعداد میں پنجاب یوتھ فیسٹیول میں شرکت کرکے دنیا کا سب سے بڑا سپورٹنگ ایونٹ کروانے کا منفرد ریکارڈ حاصل کیا ہے - یہی وجہ ہے کہ مختلف کھیلوں کی عالمی تنظیمیں کھیلوں کے فروغ کے جذبے کی حوصلہ افزائی کے لئے لاہور کا رخ کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :