اپوزیشن کاپٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس میں اضافہ کیخلاف واک آؤٹ، حکومت جب تک ایوان کے تقدس کو بحال نہیں کرتی کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے،خورشید ،اپوزیشن ایک دن کی مہلت دے ہم اپنا قبلہ درست کرلیں گے، وزیر دفاع، وزیر میڈیا پر ایک گھنٹہ انٹرویو دے سکتے ہیں لیکن ایوان میں کیوں نہیں آتے،خورشیدشاہ

جمعرات 12 فروری 2015 08:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12فروری۔2015ء) اپوزیشن نے پارلیمنٹ سے بالاتر ہوکر پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس میں اضافہ پر بدھ کو بھی ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے واک آؤٹ کردیا اور لیڈر سید خورشید شاہ نے واضح کردیا کہ حکومت جب تک ایوان کے تقدس کو بحال نہیں کرتی ہم کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گیجبکہ وزیر دفاع نے کہا کہ اپوزیشن ایک دن کی مہلت دے ہم اپنا قبلہ درست کرلیں گے۔

سید خورشید شاہ نے کہا کہ وزیر خزانہ اشیاء پر ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں میں اضافے پر ایوان کو اعتماد میں نہیں لیتے۔ ہماری لڑائی حکومت سے ذاتی نہیں عوامی مفادات کیلئے ایوان میں آواز اٹھاتے رہیں گے، وزیر میڈیا پر ایک گھنٹہ انٹرویو دے سکتے ہیں لیکن ایوان میں کیوں نہیں آتے۔ حکومت ہمیں مجبور نہ کرے کہ ہم ایجی ٹیشن کی سیاست دوبارہ شروع کریں۔

(جاری ہے)

حکومت ہوش کے ناخن لے ۔ ہم پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے کی بات کرتے ہیں۔ اگر حکومت نے رویہ نہ بدلا تو ہم ایوان کی کارروائی میں شریک نہیں ہوں گے۔ خورشید شاہ وارننگ دیتے ہوئے ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔ اس کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت ایوان کے تقدس کو اہمیت دیتی ہے۔ پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھائیں گے اپوزیشن سے کوئی اصولی اختلاف نہیں ہے۔

اپوزیشن ایک دن کی مہلت دے وزیر خزانہ اور وزیراعظم سے بات کروں گا اور ایوان کو ہر لحاظ سے مطمئن کریں گے۔ ہماری طاقت یہ ایوان ہے اسے بائی پاس نہیں کریں گے۔ ایوان کو بائی پاس کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ اپوزیشن کو منانے کے باوجود ایوان کی کارروائی کا حصہ بننے سے انکار کردیا۔ سید خورشید شاہ نے پوائنٹ آف آرڈر پر ملک میں درآمدی ڈیوٹیوں میں اضافے پر شدید احتجاج کیا اور حکومتی فیصلوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ حکومت ایوان سے بالاتر ہوکر فیصلے کررہی ہے۔ اصلی طاقت ایوان ہے حکومت ایوان کی عزت کرے۔

متعلقہ عنوان :