کے پی کے میں مئی،پنجاب میں نومبر، سندھ میں مارچ 2016ء میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے،الیکشن کمیشن، کنٹونمٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کیلئے قانون سازی کرلی ہے،سپریم کورٹ میں جواب

جمعرات 12 فروری 2015 09:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12فروری۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ‘ پنجاب‘ اسلام آباد اور کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد بارے اپنی رپورٹ بدھ کو سپریم کورٹ میں جمع کرواتے ہوئے عدالت کو بتایا ہے کہ کے پی کے میں مئی،پنجاب میں نومبر، سندھ میں مارچ 2016ء میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔ کنٹونمٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے ضروری قانون سازی کرلی گئی ہے اور اس حوالے سے مجوزہ بل متعلقہ حکام کو ارسال کردیا گیا ہے جبکہ صوبوں نے ازخود تاحال کوئی رپورٹ جمع نہیں کروائی۔

الیکشن کمیشن نے صوبوں کے حوالے سے بھی تمامتر تفصیلات رپورٹ میں جمع کرادی۔ اکرم شیخ ایڈووکیٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب کے 35 اضلاع کی حد بندی کیلئے نقشے بنانے کیلئے فوکل پرسن تعینات کردئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اٹک‘ فیصل آباد‘ اوکاڑہ‘ چنیوٹ‘ سیالکوٹ اور ڈی جی خان میں حد بندیوں بارے کچھ معاملات حل کرنے باقی ہیں۔

پنجاب کے حکام نے ان مشکلات پر جلد قابو پانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ سندھ میں بھی بلدیاتی انتخابات بارے معاملات طے پاگئے ہیں۔ عوامی نمائندگی ایکٹ میں ترمیم کا بل سندھ اسمبلی میں پیش کردیا گیا ہے اگلے اجلاس میں اس کی منظوری متوقع ہے۔ 1998ء میں مردم شماری کرائی گئی تھی اب سندھ کے شہری علاقوں کی آبادی میں بے تحاشا اضافہ ہوچکا ہے لہٰذا ان علاقوں میں حد بندیوں بارے کچھ مشکلات ہیں۔ کے پی کے حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے مئی میں رضامندی ظاہر کی ہے اس حوالے سے انتظامات کئے جارہے ہیں۔