نیلم جہلم سمیت توانائی کے دیگر منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں ، وزیراعظم ، اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ، متعلقہ وزارتوں کی بروقت تکمیل کیلئے اقدامات کریں اور منصوبوں کے لئے مطلوبہ رقوم کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے میٹنگز کریں، کابینہ کمیٹی برائے انرجی اجلاس کی صدارت

بدھ 11 فروری 2015 09:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 11فروری۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ نیلم جہلم سمیت توانائی کے دیگر منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں ، اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ، متعلقہ وزارتوں کی بروقت تکمیل کیلئے اقدامات کریں اور منصوبوں کے لئے مطلوبہ رقوم کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے میٹنگز کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کابینہ کمیٹی برائے انرجی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں گزشتہ سات اجلاسز میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے جبکہ لوڈ شیڈنگ کو کم سے کم کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی یونس ڈاگا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت گردشی قرضہ 254 ارب روپے ہے جبکہ جنوری میں بجلی بلوں کی وصولی 75فیصد رہی ہے انہوں نے کہا کہ وزارت پانی و بجلی گردشتی قرضوں کو کنٹرول کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے چیئرمین واپڈا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیلم جہلم پراجیکٹ کا ستر فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اس منصوبے کی تکمیل کے بعد منگلا ڈیم سے زیادہ بجلی پیدا کی جاسکے گی اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف اور وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی ، وفاقی وزیر برائے پلاننگ احسن اقبال ، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ، وزیر مملکت برائے پٹرولیم جام کمال ، عابد شیر علی ، سرتاج عزیز طارق فاطمی سمیت سینئر سرکاری افسران نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :