آپریٹنگ کو نان آپریٹنگ آمدنی قرار دے کر اوگرا نے گیس صارفین سے 23 ارب روپے لوٹ لئے‘ تحقیقات مکمل

پیر 9 فروری 2015 08:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9فروری۔2015ء) اوگرا نے گیس کمپنیوں کو ناجائز فائدہ دیتے ہوئے گیس صارفین پر 23 اربگ روپے کا بوجھ ڈال دیا ہے۔ وفاقی حکومت کے تحقیقاتی اداروں نے اس بھاری کرپشن پر تحقیقات کو حتمی شکل دیتے ہوئے ذمہ داران کا تعین شروع کردیا ہے۔ یہ 23 ارب روپے گیس صارفین سے 2013ء میں وصول کئے گئے اور گیس کمپنیوں کو 23 ارب روپے ٹرانسفر کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ملنے والی دستاویزات کے مطابق اوگرا حکام نے سوئی ناردرن گیس کمپنی‘ سوئی سدرن گیس کمپنی کی آپریتنگ انکم کو نان آپریٹنگ انکم قرار دے کر عوام کی جیبوں پر 23 ارب روپے کا ڈاکہ ڈالا تھا۔ قانون کے تحت ملک میں گیس کی قیمتوں کے تعین کا اختیار اوگرا کو حاصل ہے تاہم اوگرا بھی حکومتی پالیسی پر عمل پیراء ہوکر قیمتوں کا تعین کرے گا۔ اوگرا حکام نے گیس کی فروخت‘ میٹروں کی آمدن‘ ادائیگی میں تاخیر پر سرچارج‘ جے جے وی آئی سے ملنے والی رائلٹی کو نان انکم میں تبدیل کرکے 23 ارب روپے غریب عوام پر ڈال دئیے۔

حکومت کے تحقیقاتی ادارے نے اب ان دستاویزات کی روشنی میں تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ مرتب کرلی ہے اور 2013ء میں چیئرمین اوگرا و دیگر ممبران کیخلاف تادیبی کارروائی عمل میں لانے کی متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے۔