متحدہ عرب امارات کا داعش کے خلاف جنگ میں لڑاکا طیارے اردن بھیجنے کا اعلا ن

پیر 9 فروری 2015 08:53

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9فروری۔2015ء)متحدہ عرب امارات نے دہشت گرد تنظیم دولت اسلامی"داعش" کے خلاف کارروائی میں مدد فراہم کرنے کے لیے اپنے جنگی طیاروں کا ایک سکوارڈن اردن بھجوانے کا اعلان کیا۔اردنی حکومت کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ابو ظہبی جلد ہی "ایف 16" جنگی طیارے داعش کے خلاف اردن کی فوجی کارروائی میں مدد کے لیے روانہ کر رہی ہے۔

امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی" وام" نے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد الشیخ محمد بن مبارک بن زید آل النھیان کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ لڑاکا طیاروں کی اردن روانگی دشت گرد تنظیم داعش کو اس کے جنگی جرائم کی سزا دینے کے لیے جاری تعاون کا حصہ ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ دولت اسلامی کی غیر انسانی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے تمام عرب ممالک کے باہمی اتحاد کا تقاضا ہے کہ یرغمالی اردن پائلٹ کو زندہ جلائے جانے کے بعد عمان کی مدد کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے، خطے میں امن واستحکام کے قیام، گمراہ نظریات کی بیخ کنی اور اعتدال پسندی کے فروغ کے لیے عرب ممالک ایک دوسرے تعاون جاری رکھیں گے۔ادھر اردن ٹی وی نے رپورٹ میں بتایا کہ عمان کے جنگی طیاروں نے شام میں دہشت گرد تنظیم دولت اسلامی کے ٹھکانوں پر تیسرے روز بھی مسلسل بمباری جاری رکھی جس میں داعش کے کئی مزید دہشت گرد ہلاک کیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اردنی وزیر داخلہ حسین المجالی شام اور عراق میں سرگرم داعش کے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہنے کے عزام کا بھی اعادہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :